نیرج چوپڑا زخمی ، ایشین گیمز اور دیگر مقابلوں سے بھی باہر

   

نئی دہلی، 29 اگست (آئی اے این ایس) اسٹار ہندوستانی جیولن تھروکھلاڑی نیرج چوپڑا ٹخنے میں ٹریننگ کے دوران تکلیف کے باعث 2026 کے بقیہ سیزن سے باہر ہوگئے ہیں۔ اس زخم کے سبب دو مرتبہ کے اولمپک میڈلسٹ نیرج چوپڑا آئندہ ماہ جاپان کے آئچی ناگویا میں ہونے والے ایشین گیمز میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔ اس زخم کے باعث چوپڑا5 ستمبرکو برسلز میں ہونے والے ڈائمنڈ لیگ فائنلز اور11 سے 13 ستمبر تک بڈاپسٹ میں ہونے والی پہلی ورلڈ ایتھلیٹکس الٹی میٹ چمپئن شپ میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گے۔ ایک ایسے سیزن کا اچانک اختتام ہوگیا ہے جس میں زخمی ہونے کے باعث تاخیر سے واپسی کے بعد نیرج نے حال ہی میں اپنی فارم اور رفتار دوبارہ حاصل کرنا شروع کی تھی۔چوپڑا نے ہفتہ کو اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعہ اپنے زخم اور رواں سیزن کے بقیہ مقابلوں سے دستبرداری کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر اور اپنی ٹیم سے مشاورت کے بعد سیزن کے باقی مقابلوں میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا، سخت محنت کے ایک دورکے بعد مجھے بالآخر محسوس ہونے لگا تھا کہ میں وہ رفتار حاصل کر رہا ہوں جس کی مجھے تلاش تھی اور لوزان میں سیزن کی بہترین تھرو بھی کی۔ بدقسمتی سے اس کے کچھ ہی عرصے بعد ٹریننگ کے دوران میرے ٹخنے میں تکلیف ہوئی ۔ اپنے ڈاکٹر اور ٹیم سے مشاورت کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ میں اس سیزن کے باقی مقابلوں میں حصہ نہیں لوں گا۔2026 کا سیزن نیرج چوپڑا کے لیے پہلے ہی مشکل رہا۔کمر کی تکلیف کے باعث ان کی مسابقتی میدان میں واپسی جون تک مؤخر ہوئی تھی۔ یہ تکلیف گزشتہ سال ستمبر سے انہیں پریشان کر رہی تھی۔مکمل فٹ نہ ہونے کے باوجود ہندوستانی اسٹار نے واپسی کے بعد حوصلہ افزا کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے گلاسگو کامن ویلتھ گیمز میں 85.83 میٹرکی تھرو کے ساتھ سلور میڈلحاصل کیا، جبکہ اس کے بعد لوزان ڈائمنڈ لیگ میں88.05 میٹرکی تھرو پھینک کر سیزن کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ لوزان میں ان کی کارکردگی سے یہ اشارے ملے تھے کہ نیرج اپنی بہترین تال اور فارم دوبارہ حاصل کر رہے ہیں، تاہم تازہ زخم مایوس کن رہا ۔