پنجاب کے آرین گپتا اور ہریانہ کے پنشول بنسل کو پہلا مقام ۔ جملہ نتائج میں لڑکیوں کو سبقت
نئی دہلی 16 جولائی ( ایجنسیز ) نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی نے نیٹ یو جی 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا ہے ۔ اس سے چند گھنٹے قبل ایجنسی کی جانب سے دوبارہ ہوئے امتحان کے قطعی جوابات کی کلید جاری کی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ اس بار بھی نتائج میں لڑکیوں نے لڑکوں پر سبقت حاصل کرلی ہے اور جملہ نتائج میں لڑکیوں کا تناسب 58 فیصد پایا گیا ہے ۔ جو طلباء قومی اہلیتی و داخلہ ٹسٹ میں شریک ہوئے تھے وہ راست لنک کے ذریعہ یا پھر نیٹ کی ویب سائیٹ neet.nta.nic.in پر اپنے نتائج کا مشاہدہ کرسکتے ہیں۔ اس بار نیٹ امتحان میں دو طلباء آرین گپتا ( پنجاب ) اور پنشول بنسل ( ہریانہ ) نے نمبر ایک مقام حاصل کیا ہے ۔ دونوں نے جملہ 720 میں 715 نشانات حاصل کئے ہیں۔ نیٹ کا دوبارہ امتحان 21 جون 2026 کو منعقد ہوا تھا ۔ اس سے قبل 3 مئی کو شیڈول کے مطابق امتحان ہوا تھا اور پرچہ لیک ہونے کی وجہ سے اسے منسوخ کردیا گیا تھا ۔ نیٹ امتحان میں تقریبا 20 لاکھ طلباء نے شرکت کی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ تقریبا 11.21 لاکھ طلباء کوالیفائی قرار دئے گئے ہیں ۔ اس امتحان میں لڑکیوں نے سبقت حاصل کرلی ہے اور کامیاب امیدواروں میں 58 فیصد لڑکیاں ہیں ۔ نیٹ کا امتحان ہندوستان بھر کے جملہ 551 شہروں اور بیرون ملک 14 شہروں میں منعقد ہوا تھا ۔ اعلی نشانات حاصل کرنے والے امیدواروں میں 17 تا 19 سال کے طلباء و طالبات کی اکثریت ہے ۔