بنگلورو۔ راجستھان رائلز کے کپتان سنجو سیمسن کا خیال ہے کہ آنے والی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی نیلامی ان کی ٹیم کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ وہ اگلے پانچ سال یا اس سے زیادہ کے لیے صحیح کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے مضبوط ٹیم بنانا چاہتے ہیں۔ لیگ کے افتتاحی سیزن کی چمپئن، رائلز فرنچائز، ہفتہ اور اتوارکو یہاں مجوزہ نیلامی میں 62 کروڑ روپے کے ساتھ میدان میں جائیں گی۔ سیمسن کے علاوہ سابق چمپئن نے انگلینڈ کے وکٹ کیپر بیٹر جوس بٹلر اور ہندوستان کے نوجوان اوپنر یاشاسوی جیسوال کو ٹیم میں برقرار رکھا ہے۔یہاں جاری ایک میڈیا ریلیز میں سیمسن نے کہا یہ نیلامی واقعی اہم ہے کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ ہم اگلے پانچ سے چھ سالوں تک اپنا مقام بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ لہذا ہم نیلامی میں شامل تمام کھلاڑیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ہم ایسے کھلاڑیوں کو شامل کرنا چاہتے ہیں جو فرنچائز کے وژن کو سمجھتے ہیں اور ہماری ٹیم کو دوبارہ بلندی پر لے جانے میں مدد کر سکتے ہیں۔ فرنچائز کے ڈائریکٹر آف کرکٹ کمار سنگاکارا نے کہا کہ ہم نے تفصیلی تجزیاتی جائزہ لیا ہے۔ کھلاڑیوں کے بارے میں جمع کی گئی معلومات ہمارے اعداد وشمار میں موجود ہیں۔ سری لنکا کے سابق لیجنڈ نے کہا ہم ایک مضبوط تجزیاتی عمل کے ساتھ اپنے موادکو مزید بہتر کررہے ہیں۔ یہ دراصل ایک بہت ہی جامع عمل ہے۔