آکلینڈ ۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے اور تجربہ کار بیٹسمین راس ٹیلرکو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔کمر کی تکلیف کے سبب فاسٹ بولرلوکی فرگیوسن بھی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ بچے کی ولادت کے سبب کین ولیمسن بھی پہلے مقابلے میں موجود نہیں ہوں گے۔کین ولیمسن کی طرح فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ بھی صرف دوسرے اور ٹی20 مقابلے کے لئے دستیاب ہوں گے۔فاسٹ بولرجیکب ڈفی کو ڈومیسٹک کرکٹ اور نیوزی لینڈ اے کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پہلی مرتبہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔پاکستان کے خلاف ایڈن پارک میں سیریز کے افتتاحی میچ میں مچل سینٹر ٹیم کی قیادت کریں گے جو تیسرے ٹی20 میچ میں ولیمسن کی غٰیرموجودگی میں بھی یہ ذمے داری انجام دے چکے ہیں۔ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں تیسری وکٹ کے لئے 181 رنز کی شراکت قائم کرنے والے گلین فلپس اور ڈیون کونوے کو بھی اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔سلیکٹر گیون لارسن نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 میچوں میں 38 اور 9 رنز بنانے والے ٹیلرکو ناقص فارم کی وجہ سے ٹیم سے خارجکردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ٹیلر کو خارج کرنے کا فیصلہ بہت مشکل تھا کیونکہ وہ ایک مستقل مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی ہیں لیکن کین ولیمسن کی واپسی اور ناقص فارم کی وجہ سے ان کی ٹیم میں جگہ نہ بن سکی۔ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ کے بعد تین ٹی20 میچوں کی سیریز کا آغاز ہوگا جہاں تینوں میچ بالترتیب 18، 20 اور 22 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔
سیریز کے پہلے ٹی20 میچ کے لئے اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔مچل سینٹنر(کپتان)، ٹوڈ ایسٹل، ڈگ بریسویل، مارک چیپ مین، ڈیون کونوے، جیکب ڈفی، مارٹن گپٹل، اسکاٹ کگلیگن، جیمز نیشام، گلین فلپس، ٹم سیفرٹ، اش سودھی اور بلیئر ٹکنر۔سیریز کے دوسرے اور تیسرے ٹی20 میچوں کے لئے ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ۔کین ولیمسن، ٹرینٹ بولٹ، ٹوڈ ایسٹل، ڈیون کونوے، مارٹن گپٹل، کائل جیمیسن، اسکاٹ کگلیگن، ڈیرل مچل، جیمز نیشام، گلین فلپس، ٹم سیفرٹ، اش سودھی اور ٹم ساؤتھی۔