نیوز کلک: عدالت عظمیٰ میں آج پرکائستھ کی عرضی پر سماعت

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے آجکہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے ) کے تحت گرفتار نیوز پورٹل ‘نیوز کلک’ کے بانی پربیر پرکایستھ اور اس کے منیجر (ایچ آر) امیت چکرورتی کی درخواست پر جمعرات کے روز سماعت ہوگی۔ جسٹس بی آر گوائی اور پرشانت کمار مشرا کی بنچ نے کیس کی سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ وہ متعلقہ فائل کا معائنہ کرنا چاہتی ہے ۔قبل ازیں سینئر وکلاء کپل سبل اور دیو دت کامت نے عرضی گزاروں کی طرف سے بنچ کے سامنے کہا کہ کیس میں نوٹس جاری کیا جانا چاہئے ۔ دہلی ہائی کورٹ کی جانب سے ان کی گرفتاری اور نظربندی کو چیلنج کرنے والی درخواست کو مسترد کیے جانے کے بعد دونوں ملزمین نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے ۔ انہوں نے دہلی پولیس کی طرف سے درج کی گئی ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کے لیے خصوصی اجازت کی درخواست دائر کی ہے۔ عرضی گزار پرکایستھ اور چکرورتی کو 3 اکتوبر کو چین سے رقم وصول کرنے اور اس کے حق میں پروپیگنڈہ پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں سات دنوں کے لیے دہلی پولس کی حراست میں بھیج دیا گیا۔ 10 اکتوبر کو پولس حراست ختم ہونے کے بعد انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا، جس کی مدت 20 اکتوبر کو ختم ہونے والی ہے ۔