نیٹ امتحانات کی تیاری پر ضلع کلکٹرس سے چیف سکریٹری کی ٹیلی کانفرنس

   

امتحانی مراکز کی نشاندہی کی ہدایت، ایل آر ایس اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ
حیدرآباد۔/5 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے ضلع کلکٹرس، سپرنٹنڈنٹس آف پولیس اور کمشنران پولیس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے جاریہ سال 4 مئی کو مجوزہ نیٹ امتحانات کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ نے ہمیشہ نیٹ امتحانات کے موثر انداز میں انعقاد کا ریکارڈ قائم کیا ہے لہذا مجوزہ امتحانات کیلئے تمام تر موثر انتظامات کئے جائیں اور نقائص سے پاک انتظامات کے ذریعہ امتحانات کے بلارکاوٹ انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ امتحانی مراکز کیلئے سرکاری عمارتوں کی نشاندہی کریں جہاں بہتر انفراسٹرکچر سہولتیں اور مناسب سیکوریٹی انتظامات ہوں۔ سرکاری عمارتوں میں کیندریہ ودیالیہ، سرکاری اسکولس اور کالجس کی اندرون ایک ہفتہ نشاندہی کا عمل مکمل کرلیا جائے۔ چیف سکریٹری نے ریاست میں ایل آر ایس اسکیم پر عمل آوری کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کلکٹرس سے کہا کہ وہ درخواستوں کی یکسوئی میں تیزی پیدا کریں کیونکہ حکومت اسکیم پر عمل آوری میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 31 مارچ تک حکومت کی جانب سے عوام کو جو رعایت دی جارہی ہے اس کی بہتر انداز میں تشہیر کی جائے۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس کو ماتحت عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق دانا کشور، ایچ ایم ڈی کمشنر سرفراز احمد، کمشنر جی ایچ ایم سی ایلم برتی، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس لاء اینڈ آرڈر مہیش بھاگوت، ہیلت سکریٹری کرسٹینا چونگٹو، ہیلت کمشنر آر وی کرنن، ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن ای وی نرسمہا ریڈی، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن نریندر اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔1