پیپر لیک مافیا کے خلاف سخت کارروائی اور وزیر تعلیم سے استعفیٰ کا مطالبہ
نئی دہلی۔12؍مئی ( ایجنسیز ) نیٹ یو جی 2026 کا پرچہ لیک ہونے کے بعد امتحان منسوخ کیے جانے پر ملک بھر کے طلبہ میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ اسی معاملے پر منگل کو دہلی میں نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا یعنی این ایس یو آئی کی جانب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں نیٹ یو جی امتحان میں شامل ہونے والے سینکڑوں طلبہ شریک ہوئے اور منسوخی پر ان میں شدید غم وِغصہ ہے۔ مظاہرین نے حکومت، نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی اور امتحانی نظام کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔این ایس یو آئی کے قومی صدر ونود جاکھڑ نے اس موقع پر کہا کہ جس انداز میں نیٹ یو جی کا پرچہ امتحان سے پہلے ہی ٹیلی گرام اور واٹس ایپ گروپوں میں گردش کرتا رہا وہ پورے نظام کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اب تک اس معاملے پر کوئی سنجیدہ ردعمل سامنے نہیں آیا جو انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے لاکھوں نوجوان گزشتہ دو برس سے اس امتحان کی تیاری کر رہے تھے۔ کئی خاندانوں نے اپنے بچوں کی تعلیم کیلئے قرض تک لیا لیکن پیپر لیک نے ان کی محنت اور امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ انہوں نے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو پیپر لیک مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے۔