وائرس کی نئی لہر سے عوام کو تشویش میں مبتلا نہ ہونے کا مشورہ : ڈائرکٹر محکمہ صحت

   

حیدرآباد ۔ 24 ڈسمبر (سیاست نیوز) ڈائرکٹر میڈیکل اینڈ ہیلت تلنگانہ مسٹر جی سرینواس راؤ نے بتایا کہ کوویڈ کی چوتھی لہر سے عوام کو پریشان اور تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کہ وائرس اومیکرون بی ایف 7 ویرینٹ بہت تیزی سے پھیل رہا ہے تاہم حکومت کی جانب سے وائرس کی نئی لہر سے نمٹنے کیلئے تمام تر تیاریاں کرلی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ کوویڈ کی چوتھی لہر سے اموات کا امکان بہت کم ہے کیونکہ وائرس کا صحت پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا۔ وہ آج یادادری میں یہ بات بتائی۔ اس تعلق سے انہوں نے مزید بتایا کہ وزارت محکمہ صحت اس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اس سلسلہ میں وزیرصحت نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ وہ وائرس سے نمٹنے کیلئے احتیاطی اقدامات کریں جس کے بعد محکمہ صحت چوکس ہوگیا۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ اپنی روزمرہ زندگی کو حسب معمول جاری رکھیں اور تشویش کا شکار نہ ہوں۔