نارا لوکیش سے ملاقات،سیاسی حلقوں میں ہلچل
حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کی سیاسی صورتحال میں بعض چونکا دینے والی تبدیلیاں دیکھی جارہی ہیں۔ تلگودیشم سربراہ چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے ریاست گیر سطح پر دوروں کے آغاز کے بعد برسر اقتدار پارٹی کے کئی قائدین تلگودیشم میں شمولیت میں دلچسپی دکھارہے ہیں۔ تلگودیشم کے مہاناڈو کے موقع پر برسراقتدار پارٹی کے رکن انم رام نارائن ریڈی کی دختر کیویلیا ریڈی نے تلگودیشم کے قومی جنرل سکریٹری لوکیش سے ملاقات کی۔ انم رام نارائن ریڈی متحدہ آندھرا پردیش میں کانگریس حکومت میں وزیر تھے۔ ریاست کی تقسیم کے بعد انہوں نے وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ایک سینئر قائد کی دختر کا تلگودیشم میں شمولیت کا فیصلہ نہ صرف رام نارائن ریڈی بلکہ ضلع میں پارٹی کیلئے نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے۔ رام نارائن ریڈی کی دختر نے اندول میں لوکیش سے ملاقات کی اور تلگودیشم میں شمولیت کا ارادہ ظاہر کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بہت جلد وہ شمولیت اختیار کرلیں گے۔ نیلور ضلع کے آتما کور اسمبلی حلقہ سے تلگودیشم پارٹی کے ٹکٹ پر مقابلہ کا ارادہ ہے۔ تلگودیشم پارٹی نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں 40 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بدویل کی تلگودیشم مہیلا قائد وجیماں سے کیویلیا ریڈی کی رشتہ داری ہے اور تلگودیشم میں شمولیت میں ان کا اہم رول ہے۔ اس فیصلہ سے والد اور دختر دو علحدہ پارٹیوں میں سرگرم دکھائی دیں گے۔ر