وائی ایس شرمیلا پالیرو اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کریں گی

   

حیدرآباد16 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی سربراہ وائی ایس شرمیلا نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں کھمم کے پالیرو اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کرنے کا اعلان کیا ۔ شرمیلا نے آج کھمم ضلع کے پالیرو کا دورہ کیا۔ انہوں نے اپنی والدہ وجئے اماں کے ساتھ پارٹی کے نئے دفتر کی تعمیر کیلئے بھومی پوجا کی ۔ شرمیلا نے کہا کہ تلنگانہ میں راج شیکھر ریڈی حکومت کی طرح فلاحی اسکیمات کو متعارف کرنے وہ وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کے تحت انتخابی میدان میں رہیں گی۔ پارٹی کے برسر اقتدار آنے پر وائی ایس آر دور حکومت کی یاد تازہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں پالیرو اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کا فیصلہ کرچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پالیرو کی زمین گواہ رکھ کر وہ اعلان کرتی ہیں کہ وائی ایس آر کی دختر شرمیلا اسی حلقہ سے مقابلہ کریگی۔ پالیرو عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔ کوئی طاقت اس کو روک نہیں پائیگی۔ شرمیلا نے کہا کہ ان میں جدوجہد کی طاقت اور صلاحیت موجود ہے اور وہ عوام سے کئے جانے والے وعدوں کی تکمیل کریں گی ۔انہوں نے راج شیکھر ریڈی دور حکومت میںشروع کی گئی مختلف اسکیمات کا تذکرہ بھی کیا ۔ر