وادی کشمیر میں سیاحوں کی تعداد میں غیر معمولی کمی، 30 فیصد بکنگ منسوخ

   

سری نگر: وادی کشمیر میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں اضافہ کے بیچ سیاحتی شعبہ بھی متاثر ہوا ہے اور پچھلے ایک ہفتے سے 30 فیصد بکنگ منسوخ کی گئی ہے ۔شہرہ آفاق گلمرگ کی سیر وتفریح پر آنے والے ملکی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد نے بکنگ منسوخ کی ہے اور اس کی بنیادی وجہ کورونا کی تیسری لہر سے جوڑا جارہا ہے ۔گلمرگ میں سیاحتی شعبے سے جڑے افراد کا کہنا ہے کہ دو ہفتے قبل شہرہ آفاق سیاحتی مقام پر بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاح موجود تھے اور یہا ں تل دھرنے کی بھی جگہ نہیں تھی۔اُن کے مطابق ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں کورونا کے یومیہ کیسز میں بڑھتوری کے نتیجے میں سیاحوں میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پچھلے چند دنوں سے لگ بھگ 30 فیصد سیاحوں نے بکنگ منسوخ کی ہے ۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کے نئے ویرنٹ اومیکرون کے خوف کی وجہ سے متعدد سیاحوں نے کشمیر کی سیر و تفریح پر آنے کا پروگرام فی الحال ملتوی کیا ہے ۔