نئی دہلی، 15 اپریل (آئی اے این ایس) آسٹریلیا کے تجربہ کار اوپنر ڈیویڈ وارنر کی سڈنی تھنڈر کی کپتانی مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا شکار ہوگئی ہے، جب ان پر سڈنی میں شراب پی کرگاڑی چلانے کا الزام عائد کیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق وارنرکو ایسٹر سنڈے کے روز سڈنی کے مشرقی علاقے میں روکا گیا، جہاں ان کا بلڈ الکحل لیول 0.104 ریکارڈ کیا گیا، جو قانونی حد سے دوگنا سے بھی زیادہ ہے۔39 سالہ وارنر جنہوں نے 2024 میں ٹسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیارکی تھی، کو مزید جانچ کے لیے ماروبرا پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔ انہیں7 مئی کو ڈاؤننگ سینٹر لوکل کورٹ میں پیش ہونا ہے۔اس پیش رفت نے کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز کو مشکل صورتحال میں ڈال دیا ہے، خاص طور پر اس لیے کہ وارنر ٹیم کے کپتان ہیں اور ادارہ طویل عرصے سے روڈ سیفٹی مہمات سے وابستہ رہا ہے۔ ادارے کے چیف ایگزیکٹو لی جرمون نے معاملے کی سنگینی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ قانونی کارروائی جاری ہونے کی وجہ سے وہ تفصیلی تبصرہ نہیں کر سکتے، تاہم الزامات تشویشناک ہیں اور انہیں سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز محفوظ ڈرائیونگ کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور کھلاڑیوں کو اس حوالے سے مسلسل آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یقین دلایا کہ ادارہ اس عمل کے دوران وارنر کی حمایت کرے گا اور مستقبل میں کھلاڑیوں کی مزید رہنمائی بھی کرے گا۔E