وارنر کی واپسی ، آج دہلی اور لکھنو کا مقابلہ

   

ممبئی۔ انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم لکھنؤ سوپر جائنٹس اور دہلی کیپٹلس جمعرات کو یہاں آئی پی ایل میں دو انتہائی باصلاحیت کرکٹرز اور ہندوستان کے مستقبل کے ممکنہ کپتان لوکیش راہول اور رشبھ پنت آمنے سامنے ہوں گی۔ راہول اور پنت جو اپنے دن کسی بھی بولنگ کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، آئی پی ایل کے ابتدائی مرحلے میں اپنی ٹیم کی بالادستی کو برقراررکھنے کی کوشش کریں گے۔ راہول اور پنت دونوں مستقبل کے کپتان کے طور پر اپنے دعوے کو مضبوط کرنا چاہیں گے۔اب آسٹریلیائی کھلاڑی بھی آئی پی ایل کے لیے دستیاب ہوں گے۔ دہلی کیپٹلزکے ڈیوڈ وارنر جبکہ آل راؤنڈر مارکس اسٹونیس لکھنؤکی ٹیم میں شامل ہوں گے جس سے دونوں ٹیموں کی پلیئنگ الیون مضبوط ہوگی۔ اس کے علاوہ دہلی کو فاسٹ بولراینریچ نورکیا کی خدمات بھی حاصل ہوں گی۔ دہلی کے اسسٹنٹ کوچ شین واٹسن نے میچ کے موقع پرکہا ڈیوڈ وارنر قرنطینہ سے باہرآ گئے ہیں اس لیے وہ یقینی طور پر اگلے میچ میں انتخاب کے لیے دستیاب ہوں گے۔ توقع ہے کہ وارنرکیپٹلز اسکواڈ میں ٹم سیفرٹ کی جگہ لیں گے جب کہ اسٹوئنس لکھنؤ کی ٹیم میں اینڈریو ٹائی یا ایون لیوس کی جگہ لیں گے۔ دونوں ٹیموں کی بولنگ تشویش کا باعث رہی ہے لیکن گوتم گمبھیر کی رہنمائی میں سوپر جائنٹس کی ٹیم نے متاثر کیا ہے۔جیسن ہولڈرکی شمولیت سے لکھنؤ کی ٹیم مضبوط ہوئی ہے اور دہلی کی ٹیم کو امید ہے کہ پرتھوی شا کے ساتھ وارنر انہیں جارحانہ آغاز فراہم کریں گے۔