والد کی موت کے باوجود کمسن لڑکی نے 2 میڈل حاصل کئے

   


جونیر اتھیلیٹکس مقابلوں میں مہلوک فاریسٹ آفیسر کی دختر کروتیکا کا شاندار مظاہرہ

حیدرآباد۔/27 نومبر، ( سیاست نیوز) صلاحیتوں کے اظہار کی راہ میں بسااوقات حادثات اور سانحات رکاوٹ نہیں بن سکتے۔ کتہ گوڑم میں گذشتہ دنوں قبائیلیوں کے حملہ میں ہلاک فاریسٹ رینج آفیسر سی ایچ سرینواس راؤ کی دختر نے یہ ثابت کردیا کہ والد کی جدائی کے غم کے باوجود وہ پُرعزم ہیں اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکتی ہیں۔ سرینواس راؤ کی دختر سی ایچ کروتیکا نے ضلعی سطح کے سب جونیر اتھیلیٹک چمپین شپ میں حصہ لیتے ہوئے 2 میڈل حاصل کئے۔ والد کی موت کے تین بعد ہی کروتیکا نے ان مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔ چمپین شپ میں کروتیکا عوام کی توجہ کا مرکز بنی رہیں اور ہر کوئی ان سے اظہار ہمدردی کررہا تھا لیکن اس کمسن لڑکی نے اپنی صلاحیتوں اور جذبہ کو کم ہونے نہیں دیا اور اپنے والد سے کئے گئے وعدہ کی تکمیل کی۔ کروتیکا دسویں جماعت کی طالبہ ہیں اور انہوں نے لانگ جمپ میں گولڈ میڈل اور 50 میٹر کی اسپرنٹ ایونٹ میں سلور میڈل حاصل کیا۔ کتہ گوڑم ڈسٹرکٹ اتھیلیٹک اسوسی ایشن نے چمپین شپ کا اہتمام کیا تھا۔ کروتیکا 5 اور 6 ڈسمبر کو حیدرآباد کی گچی باؤلی میں ریاستی سطح کے سب جونیر اتھیلیٹکس چمپین شپ میں حصہ لیں گی۔ میڈل حاصل کرنے کے بعد لڑکی نے کہا کہ والد نے مجھ سے کہا تھا کہ گولڈ میڈل حاصل کریں۔ اتھیلیٹکس میں وہ ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کرتے تھے۔ والد کی حوصلہ افزائی میرے کام آئی۔ر