محکمہ صحت سے اڈوائزری جاری ، مچھروں کی افزائش روکنے پر زور
حیدرآباد 29 مئی (سیاست نیوز) محکمہ صحت نے مانسون کے آغاز کے پیش نظر عوام کو احتیاطی تدابیر کے لئے اڈوائزری جاری کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست بھر میں آئندہ 2 دن میں موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ بارش کی صورت میں مچھروں کی افزائش کے اندیشہ کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت نے عوام کو احتیاطی تدابیر کا مشورہ دیا ہے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر بی رویندر نائک نے مچھروں کی افزائش سے ہونے والی بیماریوں ملیریا، ڈینگو اور چکن گنیا سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ مچھروں کی افزائش کو روکنے کے لئے چھت اور مکانات کے اطراف پانی جمع ہونے سے روکا جائے۔ اُنھوں نے مچھروں کے داخلہ کو روکنے کھڑکیوں پر اسکرین یا باریک جالی نصب کرنے کا مشورہ دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ عام طور پر بارش کے بعد موسمی بیماریوں کا اندیشہ رہتا ہے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ہفتہ میں ایک دن مکانات کے اطراف پانی کی صفائی پر توجہ دیں۔ صحت و صفائی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ اُنھوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ پانی کو گرم کرنے کے بعد استعمال کریں اور کھانے سے قبل ہاتھ دھونے کو لازمی بنائیں۔ باہر ملنے والی غذاؤں سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ وائرل فیور یا کسی بھی عارضہ کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کھانسی، بخار اور سر درد جیسی علامات کے علاوہ اعضاء شکنی پر فوری قریبی ہاسپٹل سے رجوع ہوں۔ وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے تمام سرکاری ہاسپٹلس میں وبائی امراض سے نمٹنے کے لئے تمام تر تیاریوں کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ ضروری ادویات کا مناسب اسٹاک رکھا جائے۔1