وجئے نگر ، ریڈ ہلز اور مہدی پٹنم ڈیویژنس میں کانگریس کی مہم عروج پر

   

پہلی مرتبہ مقابلہ کرنے والی عنایہ فاطمہ کو خواتین کی تائید، فیروز خاں نے پد یاترا کی
حیدرآباد : حلقہ اسمبلی نامپلی کے بلدی ڈیویژنس وجئے نگر کالونی ، ریڈ ہلز اور مہدی پٹنم میں کانگریس پارٹی نے انتخابی مہم کوتیز کردیا ہے۔ ان حلقوں میں قائدین اور امیدواروں کے دورہ کے موقع پر عوام کی غیر معمولی تائید حاصل ہورہی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور نامپلی انچارج محمد فیروز خاں نے تینوں بلدی ڈیویژنس میں پد یاترا کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی اور کانگریس کی تائید کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور اپنے علاقوں کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے کانگریس کی تائید کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ بلدی انتخابات کے مقابلہ اس مرتبہ نامپلی اسمبلی حلقہ میں کانگریس کا مظاہرہ مزید بہتر ہوگا۔ فیروز خاں اور نائب صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی محمد راشد خاں نے وجئے نگر کالونی کے مختلف علاقوں میں رائے دہندوں سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی امیدوار عنایہ فاطمہ کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس امیدوار ایک تعلیم یافتہ خاتون ہیں اور وہ عوامی خدمت کے جذبہ کے تحت پہلی مرتبہ انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔ عنایہ فاطمہ وجئے نگر کالونی ڈیویژن کے تمام بنیادی مسائل کی یکسوئی کے علاوہ سلم علاقوں کی ترقی اور غریبوں کو بہتر اور مفت تعلیم کی فراہمی کے لئے اسکولوں کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہیں۔ وجئے نگر کالونی کے کئی علاقوں میں عوام کو بنیادی مسائل کی یکسوئی میں موجودہ عوامی نمائندے ناکام ثابت ہوئے۔ عنایہ فاطمہ کی امیدواری کے اعلان کے بعد خاتون رائے دہندوں میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے ۔ کئی مقامات پر خواتین نے کانگریس قائدین کو یقین دلایا کہ وہ اپنا ووٹ کانگریس کے حق میں استعمال کرتے ہوئے عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والی تعلیم یافتہ خاتون کو میونسپل کارپوریشن کے لئے منتخب کریں گے۔ دورہ کے موقع پر فیروز خاں نے عوام کو یقین دلایا کہ نامپلی حلقہ میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس ، مجلس اور بی جے پی باہم مفاہمت کے ذریعہ مقابلہ کر رہے ہیں اور ان کا اصل نشانہ کانگریس پارٹی کو کمزور کرنا ہے۔