وجئے ہزارے: بہار کا کھلاڑی کورونا سے متاثر

   


ممبئی : وجئے ہزار ٹرافی میں کورونا کا پہلا معاملہ سامنے آیا ہے جیسا کہ رواں ٹورنمنٹ کے دوران بہار کا ایک کھلاڑی کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا ہے جس کے بعد دیگر کھلاڑیوں کا بھی معائنہ کیا جارہا ہے۔ سینئر عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا ہیکہ بہار کے کھلاڑی کے کورونا سے متاثر ہونے کی توثیق ہوچکی ہے جس کے بعد دیگر کھلاڑیوں کو بھی قرنطینہ میں پہنچادیا گیا ہے۔ جو کھلاڑی کورونا سے متاثر ہوا ہے وہ بنگلور میں ہے اور اس پر سفر کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ایک اور ذرائع نے کہا ہیکہ تمام کھلاڑیوں کا معائنہ بھی کیا جارہا ہے جبکہ اس ٹورنمنٹ میں بہار نے 22 کھلاڑیوں کو شرکت کیلئے روانہ کیا ہے اور اب ان تمام کھلاڑیوں کا بھی معائنہ ہوگا۔ بہار کی ٹیم سی گروپ میں شامل ہے اور وہ اپنے تمام مقابلے بنگلور میں کھیل رہی ہے۔ چہارشنبہ کو اس ٹیم کا مقابلہ اترپردیش سے ہے۔ بہار کرکٹ اسوسی ایشن (بی سی اے) کے عہدیدار مانتے ہیں کہ یہ مقابلہ اپنے شیڈول کے مطابق ہوگا۔