وجیا ڈیری دودھ کی خریداری قیمتوں پر نظر ثانی !

   

بھینس کے دودھ 3 روپئے فی لیٹر اضافہ ، گائے کے دودھ کی خریداری میں فی لیٹر 2 روپئے کی تجویز
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ ڈیری ڈیولپمنٹ فیڈریشن ( وجیا ڈیری ) کے زیر اہتمام دودھ کی خریداری کی قیمتوں پر نظر ثانی کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے ۔ بھینس کے دودھ کی قیمت میں 3 روپئے فی لیٹر اضافہ کرنے اور گائے کے دودھ کی خریداری کی قیمت میں 2 روپئے تک کم کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ ہر مہینے کی 5 اور 20 تاریخ کو دودھ کے بل ادا کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ ساتھ ہی 50 کروڑ روپئے کے بقایا جات ادا کرنے کی حکومت سے اپیل کی گئی ہے ۔ ڈیری انتظامیہ نے حال ہی میں ڈیری فارمرس کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں تین تجاویز پیش کی ہیں اور ان کی منظوری کے لیے حکومت کو روانہ کردیا گیا ہے ۔ اجازت ملنے کے بعد فوری اس پر عمل آوری ہونے کے قوی امکانات ہیں ۔ گذشتہ ایک سال کے دوران ملک بھر میں دودھ کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے ۔ پڑوسی ریاستوں کرناٹک ، مہاراشٹرا سے بہت کم قیمت پر دودھ کی دستیابی کی وجہ سے بازار میں دودھ کی خریداری کی قیمت میں نمایاں کمی آئی ہے ۔ پرائیوٹ اور کچھ کوآپریٹیو ڈیریاں 27 روپئے سے 32 روپئے تک فی لیٹر کے حساب سے دودھ خرید رہے ہیں ۔ مارکیٹنگ کمیشن میں اضافہ کرتے ہوئے ہماری ریاست میں خریداری کو بڑھا رہی ہیں ۔ اس کے علاوہ ’ وجئے ‘ نام کے ساتھ چند ڈیریاں غیر قانونی طور پر دودھ فروخت کررہی ہیں ۔ جس کی وجہ سے وجیا ڈیری دودھ کی فروخت میں کمی آئی ہے ۔ جس سے ڈیری فیڈریشن کو ہر ماہ 12 کروڑ روپئے کا نقصان ہورہا ہے ۔ کسانوں کو بلز کی ادائیگی میں تاخیر ہورہی ہے ۔ اس تناظر میں وجیا ڈیری انتظامیہ نے حال ہی میں کسانوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی ہے ۔ اس کے بعد حکومت کو قیمتوں پر نظر ثانی ، بل کی ادائیگی اور بقایا جات کی تجاویز پیش کی ہے ۔ بھینس کے دودھ کی قیمت فی لیٹر 48 روپئے ہے ۔ تاہم اس میں 3 روپئے اضافہ کے ساتھ 51 روپئے کرنے کی تجویز تیار کی ہے ۔ گائے کے دودھ کی خریداری کی قیمت دیگر خانگی اور کوآپریٹیو ڈیریوں کے مقابلے میں وجئے ڈیری تقریبا 8 تا 9 روپئے زیادہ ادا کررہی ہے ۔ دودھ کی دستیابی اور مارکٹ کے موجودہ حالات کے لحاظ سے دودھ کی قیمتوں میں نظر ثانی کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔۔ 2