وجے نے بدعنوانی اور امن و قانون کی صورتحال پر ڈی ایم کے کو نشانہ بنایا

   

چینائی ۔ 7 ستمبر (یو این آئی) ٹاملناڈو کے وزیراعلیٰ وجے نے پیر کے روز ریاستی اسمبلی میں ایک پُرجوش اور جذباتی تقریر کرتے ہوئے ڈی ایم کے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے بدعنوانی، شراب سے متعلق بے ضابطگیوں، امن و قانون کی صورتحال اور جرائم کے مقدمات سے نمٹنے کے طریقۂ کار پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی وابستگی سے قطع نظر ہر مجرم کے خلاف قانون یکساں طور پر نافذ ہوگا۔ پولیس، فائر سروسز اور ریسکیو محکموں کے مطالباتِ زر پر بحث کا جواب دیتے ہوئے وجے نے الزام عائد کیا کہ ڈی ایم کے کے دور حکومت میں بدعنوانی نے منظم شکل اختیار کرلی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جہاں غلط کام ہوگا وہاں ڈی ایم کے ہوگی اور جہاں ڈی ایم کے ہوگی وہاں غلط کام ہوگا۔ انہوں نے سابق حکومت پر نام نہاد ’سائنٹفک کرپشن‘کا الزام بھی عائد کیا۔ وجے نے الزام لگایا کہ شراب کی بوتلوں پر 10سے 100روپے تک اضافی رقم وصول کی جارہی تھی۔ بدعنوانی کے الزامات اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غلط کاموں میں ملوث افراد ہی ثبوت طلب کر رہے ہیں۔ وجے نے ای ڈی کی تحقیقات اور بدعنوانی کے الزامات پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر وی سینتھل بالاجی کا خصوصی ذکر کیا۔