ودیا بالن 43 سال کی ہو گئیں

   

ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ودیا بالن آج 43 برس کی ہو گئیں۔یکم جنوری 1979 کو پیدا ہونے والی ودیا بالن بچپن سے ہی اداکارہ بننے کا خواب دیکھا کرتی تھیں۔ سال 1995 میں ودیا بالن کو زی ٹی وی پر نشر ہونے والے سیریل ہم پانچ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ ودیا بالن نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2003 میں بنگالی فلم بھالو تھیکو سے کیا۔ ودیا نے بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز 2005 میں ریلیز ہونے والی ودھو ونود چوپڑا کی فلم ‘پرنیتا’ سے کیا۔ اس فلم میں ان کی زبردست اداکاری کے لیے انہیں بہترین ڈیبیو اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔ اس فلم میں ودیا بالن کے مقابل سنجے دت تھے ۔ یہ فلم ٹکٹ کھڑکی پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔سال 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم کہانی بھی ودیا بالن کے کیریئر کے لیے سنگ میل ثابت ہوئی، اس فلم کے ذریعے ودیا بالن نے اپنی زبردست اداکاری سے دکھایا کہ گلیمر کا سہارا لیے بغیر بھی فلم کو سوپرہٹ بنایا جا سکتا ہے ۔