ورزش کے دوران قلب پر حملہ سے نوجوان کی موت

   

کرنول /26 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست آندھراپردیش میں جم میں ورزش کے دوران دل کا دورہ پڑنے پر ایک نوجوان کی موت ہوگئی ۔ ادونی ٹاون کا ایک 28 سالہ نوجوان حیدڑآباد کی ایک کمپنی میں سافٹ ویر انجینئیر کے طور پر کام کر رہا تھا ۔ اس وقت وہ ورک فرم ہوم کے تحت آبائی مقام پر رہتے ہوئے گھر سے ہی کام کر رہا تھا ۔ حال ہی میں اس کی شادی طئے پائی تھی ۔ ہفتہ کی صبح ورزش کرنے کیلئے وہ ادونی آرٹس اینڈ سائنس کالج مین روڈ پر واقع جم گیا ہوا تھا ۔ تھوڑی دیر بعد اسے چکر آیا اور وہ اپنے دوست کے ساتھ باہر آیا ۔ دوست پانی کی بوتل لینے گیا ہوا تھا کہ نوجوان بے ہوش ہوکر گر پڑا۔ اسے ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرس نے بتایا کہ دل کا دورہ پڑنے سے وہ مرچکا ہے ۔ متوفی کے ارکان خاندان نے اس کی تفصیلات بتانے سے انکار کردیا ۔ واضح رہے کہ دو دن پہلے جم میں ورزش کے دوران قلب پر حملے سے حیدرآباد میں ایک پولیس کانسٹیبل کی موت ہوگئی تھی ۔ اس سے پہلے ہلدی تقریب میں حیدرآباد کے پرانے شہر کے ایک شخص کا انتقال ہوگیا تھا ۔