ورلڈ کپ 300 سے زیادہ رنز کا ایونٹ ثابت ہونے لگا

   

لندن ۔11 جون (سیاست ڈاٹ کام )کرکٹ ورلڈ کپ میں حسب توقع 300 سے زیادہ اسکورزکی بھرمارہے۔ اب تک کے 14 مقابلوں میں 8 مرتبہ تین سو سے زائد رنز بن چکے ہیں۔ دو میچزمیں دونوں ٹیموں نے تین سو زیادہ اسکور کیا۔ انگلینڈ میں جاری ورلڈ کپ میں پہلے ہی بڑے اسکورزکی توقع ظاہر کی جا رہی تھی جو پوری ہورہی ہے۔ انگلینڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف ورلڈ کپ میں اپنا بہترین اسکور 386 رنز بنایا۔ میچ میں مجموعی طور پر 666 رنز بنائے گئے۔ ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف 352 رنز بنائے۔ کینگروز نے جواب میں 316 رنز بنائے۔ مجموعی طور پرمیچ میں668 رنز اسکور ہوئے۔ پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف 348 رنز اسکور کیے۔ انگلش ٹیم 334 رنز بنا سکی۔ میچ میں مجموعی طور پر رواں ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 682 رنز بنائے گئے۔ انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کے مقابل افتتاحی میچ میں311 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کے خلاف 330 رنز اسکور کیا۔ جوابی اننگز میں جنوبی ٹیم 309 رنز اسکورکر سکی۔ مجموعی طور پر 639 رنز بنائے گئے۔