ریاستی وزیر وینکٹ ریڈی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/6 نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ورنگل کے مامنور ایر پورٹ کی تعمیر کیلئے اراضی کے حصول کا کام جلد ہی مکمل کرتے ہوئے تین سال میں ایر پورٹ عوام کیلئے تیار کردیا جائے۔ انہوں نے آج سکریٹریٹ میں مامنور ایر پورٹ کی تعمیری پیشرفت پر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ عارضی انتظامات کے بجائے مستقبل کی ضرورتوں کو پیش کرتے ہوئے ایرپورٹ کی تعمیر مکمل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پندرہ دن میں وہ ایر پورٹ کے تعمیری کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے ایر پورٹ اتھاریٹی کے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ ایر پورٹ کی تکمیل کا انتظار کئے بغیر ابھی سے طیاروں کی آمد و رفت پر توجہ مرکوز کریں۔ ورنگل ایرپورٹ کو مرکزی حکومت کی اُڑان اسکیم سے مربوط کرتے ہوئے ریاست کے دیگر بڑے شہروں میں ایرپورٹس کی تعمیر کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تاریخی اور سیاحتی مقامات کیلئے فضائی خدمات کے آغاز پر حکومت توجہ مرکوز کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل ایر پورٹ عصری سہولتوں کے ساتھ مثالی ایر پورٹ ثابت ہوگا۔1
ایم ایل سی انتخابات میں بی سی امیدواروں کو ٹکٹ دینے آر کرشنیا کا مطالبہ
حیدرآباد۔/6 نومبر، ( سیاست نیوز) بی سی سنگھم کے قومی صدر آر کرشنیا نے گریجویٹ اور ٹیچرس ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات میں بی سی طبقات کے امیدواروں کو ٹکٹ دینے کا سیاسی پارٹیوں سے مطالبہ کیا۔ آر کرشنیا نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں اہم سیاسی پارٹیوں نے بی سی طبقات کے ساتھ ٹکٹوں کی تقسیم میں ناانصافی کی ہے۔ بی سی طبقات کو موثر نمائندگی کیلئے گریجویٹ اور ٹیچرس زمرہ کی ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات میں ٹکٹ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں تمام طبقات کو مساوی حصہ داری کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے قانون ساز اداروں میں بی سی طبقات کو 50 فیصد تحفظات کا مطالبہ کیا۔1