ورون نے اندراگاندھی کو وارننگ دینے والا اٹل کا ویڈیو جاری کیا

   

نئی دہلی : رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی نے سوشل میڈیا پر سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے ایک پرانے خطاب کا ویڈیو شیئر کیاہے جس میں واجپائی کسانوں کی حمایت کرتے ہوئے ان کے جبرکے خلاف اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کو وارننگ دے رہے تھے ۔جمعرات کو انہوں نے واجپائی کے کسان دوست خیالات کے بارے میں ٹویٹ کیا،’’بڑے دل والے لیڈر کے دانشمندانہ الفاظ۔‘‘بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے ایک بار پھر اپنی ہی پارٹی کی حکومت کے تین زرعی قوانین کے خلاف تحریک چلانے والے کسانوں کی حمایت کرتے ہوئے باغیانہ تیوردکھائے ۔ واجپائی کی تقریروالا ان کا یہ ٹویٹ مرکزی حکومت کے خلاف ان کے پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔ ویڈیو میں آنجہانی واجپئی کو ایک اجلاس میں یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ کسانوں کو ڈرایا نہیں جا سکتا۔ ورون کی طرف سے جاری کردہ ویڈیو میں سابق وزیر اعظم کہہ رہے ہیں ،اگر حکومت کسانوں کو دبا ئے گی، قوانین کاغلط استعمال کرے گی اور پرامن تحریک کودبائے گی، تو ہم کسانوں کی جدوجہد میں شامل ہونے اور ان کے ساتھ کھڑے ہونے سے نہیں ہچکچائیں گے۔ ’’قابل ذکر ہے کہ ورون نے اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری میں چار کسانوں کی موت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرچکے ہیں، جو مبینہ طور پر بی جے پی لیڈروں سے جڑی کاروں سے کچلے گئے تھے ۔ وہ مسلسل اپنی پارٹی اور حکومت کی پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ ورون کو حال ہی میں اعلان کردہ بی جے پی قومی عاملہ سے ہٹادیا گیاتھا۔