وزیراعظم مودی آسیان سمٹ کیلئے انڈونیشیا روانہ

,

   

9 گھنٹوں میں کئی میٹنگوں کا پروگرام ، G-20 سے قبل دہلی واپسی

نئی دہلی : اپنے اب تک کے سب سے چھوٹے غیر ملکی دوروں میں شامل سرکاری دورہ پر وزیر اعظم نریندر مودی انڈونیشیا کے جکارتہ میں 23 گھنٹے سے بھی کم وقت گزاریں گے اور 8 ستمبر کو تین اہم دو طرفہ میٹنگوں کے لئے وقت پر وطن واپس لوٹ آئیں گے، جن میں ایک امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ میٹنگ بھی شامل ہے۔ وہ یکے بعد دیگر پروگراموں 20ویں آسیان۔انڈیا سمٹ اور 18ویں مشرقی ایشیا سمٹ کے لئے انڈونیشیا جا رہے ہیں۔ وزیراعظم مودی کے دورے کے 23 گھنٹوں میں سے تقریباً 14 گھنٹے جکارتہ جانے اور واپس آنے میں فلائٹ میں صرف ہوں گے ۔ وزیر اعظم چہارشنبہ کی رات جکارتہ کیلئے روانہ ہوئے اور 7 ستمبر کو صبح 3 بجے (انڈیا ٹائم) جکارتہ پہنچنے سے پہلے طیارے میں تقریباً سات گھنٹے گزاریں گے۔ مختصر آرام کے بعد وہ ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 7 بجے آسیان۔ انڈیا چوٹی کانفرنس کے مقام کے لئے روانہ ہوں گے، جس کے بعد وہ صبح 8.45 بجے مشرقی ایشیا چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ اس کے فوراً بعد وزیر اعظم مودی ہوائی اڈے کے لئے روانہ ہوں گے اور 11.45 بجے ہندوستان کے لئے فلائٹ میں بیٹھیں گے اور شام 6.45 بجے کے قریب دہلی میں اتریں گے۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ جکارتہ میں نو گھنٹے سے بھی کم وقت گزاریں گے۔امریکی صدر بائیڈن 8 ستمبر کو شام تقریبا 7 بجے ہندوستان پہنچ رہے ہیں۔ اسی دن وزیر اعظم تین ممالک کے ساتھ اہم دو طرفہ میٹنگیں کریں گے، جن میں سے ایک شام تقریباً 7.45 بجے امریکی صدر کے ساتھ اور دوسری بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے ساتھ ہوگی۔