نئی دہلی، 23 اگست (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کو قومی خلائی دن کے موقع پر ملک کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے ہندوستان کی بڑھتی ہوئی خلائی صلاحیتوں کو سراہا اور نوجوانوں سے بڑے خواب دیکھنے ، مزید اختراع کرنے اور نئی سمتوں کی تلاش کرنے کی اپیل کی۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہاکہ، ”قومی خلائی دن مبارک! آئیے مزید بڑے خواب دیکھیں، مزید اختراع کریں اور نئی سمتوں کی جانب آگے بڑھیں۔”وزیراعظم نے ہندوستان کے تیزی سے وسعت پاتے خلائی نظام کو مضبوط بنانے میں نوجوان انجینئروں، ڈیزائنرز، کوڈرز اور سائنسدانوں کے بڑھتے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے نجی شعبے کی صلاحیتوں کے بڑھتے تعاون کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خلائی شعبے میں ملک کی کامیابیاں نوجوان ہندوستانیوں کی نئی نسل کو سائنسدان بننے کی ترغیب دے رہی ہیں۔گزشتہ برسوں میں ہندوستان کا خلائی پروگرام نمایاں طور پر وسیع ہوا ہے ، جس میں سرکاری خلائی اداروں کے ساتھ نجی شعبے کی شمولیت، اسٹارٹ اپس اور ٹیکنالوجی میں اختراع پر بھی زیادہ توجہ دی جارہی ہے ۔