حیدرآباد 14 مارچ (سیاست نیوز) اے پی کی چندرابابو نائیڈو حکومت نے دارالحکومت امراوتی کے ترقیاتی کاموں پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ امراوتی کے ترقیاتی کاموں کے افتتاح کیلئے وزیراعظم مودی کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم 15 تا 20 اپریل کے درمیان آندھراپردیش کا دورہ کرینگے اور امراوتی ڈیولپمنٹ پراجکٹ کا افتتاح انجام دیں گے۔ حکومت نے پہلے مرحلہ کے ترقیاتی کاموں کے تحت 64721 کروڑ کا منصوبہ تیار کیا جس کے تحت دارالحکومت میں بنیادی سہولتیں فراہم کی جائینگی۔ حکومت نے 37702 کروڑ کے کاموں کے سلسلہ میں ٹنڈرس کو قطعیت دے دی ہے۔ ریاستی کابینہ کا اجلاس 17 مارچ کو منعقد ہوگا جس میں امراوتی ترقیاتی منصوبہ کو منظوری دی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹنڈرس کیلئے ایجنسی کے انتخاب اور معاہدات کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔ 1