15,718 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا آغاز کریں گے، چیف منسٹر کو بھی مدعو کیا گیا
حیدرآباد ۔ 2 مارچ (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی 4 اور 5 مارچ کو تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔ جملہ 15,718 کروڑ روپئے کے ترقیاتی کاموں کا آغاز کریں گے۔ پہلے دن 4 مارچ کو عادل آباد کا دورہ کریں گے اور 6697 کروڑ روپئے کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ضلع ہیڈکوارٹر پر ہونے والے جلسہ سے خطاب کریں گے۔ دوسرے دن کے دورہ میں 5 مارچ کو بیگم پیٹ ایرپورٹ میں 400 کروڑ روپئے کے مصارف سے قائم کئے گئے سیول ایوی ایشن ریسرچ انسٹیٹیوٹ(CARO) کا افتتاح کریں گے۔ اس کے علاوہ کئی شاہراہوں کے کاموں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ اس کے علاوہ 3,339 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کی گئی پرادیپ، حیدرآباد گیس پائپ لائن، 1,165 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے ایم ایم ٹی ایس فیس 2 حیدرآباد، سکندرآباد کے درمیان 103 کیلو میٹر، گھٹیکسر اور لنگم پلی کے درمیان نئی ایم ایم ٹی ایس ریل کا وزیراعظم نریندر مودی آغاز کریں گے۔ مرکزی وزیر و صدر تلنگانہ بی جے پی جی کشن ریڈی نے بتایا کہ وزیراعظم کے پروگرامس کو کامیاب بنانے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی تیسری مرتبہ وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہوں گے۔ بی جے پی ہیٹ ٹرک کامیابی درج کرکے ملک کی سیاست میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گی۔ تلنگانہ کے تمام 17 لوک سبھا حلقوں پر بی جے پی کامیابی حاصل کریگی۔ وزیراعظم دفتر نے تلنگانہ میں وزیراعظم کے سرکاری تقاریب میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مدعو کیا ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر ان ترقیاتی کاموں میں حصہ لیں گے۔ بی آر ایس کے دورحکومت میں چیف منسٹر کے سی آر نے وزیراعظم کے ترقیاتی کاموں میں حصہ نہیں لیا تھا۔2