امراوتی کی تعمیرنو میں تعاون کا بھروسہ، چندرابابو نائیڈو کی ستائش، جلسہ عام سے نریندر مودی کا خطاب
حیدرآباد 2 مئی (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی نے آج آندھراپردیش کے دارالحکومت امراوتی میں 58 ہزار کروڑ مالیت کے مختلف پراجکٹس کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ امراوتی دارالحکومت کی تعمیرنو کے لئے مرکزی حکومت کے تعاون سے کئی پراجکٹس کا آغاز کیا جارہا ہے۔ امراوتی کو گرین فیلڈ دارالحکومت کے طور پر ترقی دینے کا منصوبہ ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے جملہ 94 پراجکٹس کا سنگ بنیاد رکھا جو قومی شاہراہوں، ریلوے اور دیگر وزارتوں سے متعلق ہیں۔ امراوتی کی تعمیرنو کے لئے وزیراعظم نے 49 ہزار کروڑ کے 74 پراجکٹس کا سنگ بنیاد رکھا جس میں اسمبلی، سکریٹریٹ اور ہائی کورٹ کی نئی عمارتوں کی تعمیر شامل ہے۔ 5200 خاندانوں کے لئے جوڈیشیل ریسیڈنشیل کوارٹرس تعمیر کئے جائیں گے۔ وزیراعظم نے 9 مرکزی پراجکٹس کا سنگ بنیاد رکھا جو 5023 کروڑ مالیت کے ہیں، اِن میں ڈی آر ڈی او میزائیل ٹسٹنگ سنٹر جو 1459 کروڑ سے ضلع کرشنا میں قائم کیا جارہا ہے۔ ویزاگ میں 100 کروڑ سے یونٹی مال اور 293 کروڑ سے گنتکل ۔ ملپا گیٹ ریلوے اوور بریج تعمیر کیا جائے گا۔ 3176 کروڑ سے 6 قومی شاہراہوں کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ میزائیل ٹسٹنگ سنٹر کے تحت لانچ سنٹر، ٹکنیکل انسٹرومنٹیشن اور دیگر ڈیفنس شعبہ کی سہولتیں موجود رہیں گی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے امراوتی کی ترقی کے لئے مرکز کی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت نے ریلوے بجٹ کے تحت آندھراپردیش اور تلنگانہ کے لئے 900 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں جبکہ آندھراپردیش کی ترقی کے لئے 9 ہزار کروڑ مختص کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ امرت بھارت اسکیم کے تحت آندھراپردیش میں 70 سے زائد ریلوے اسٹیشنوں کو ترقی دی جائے گی۔ اُنھوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبہ جات کے لئے بھی مرکز سے تعاون کا یقین دلایا۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ امراوتی صرف ایک شہر نہیں بلکہ ایک طاقت ہے۔ امراوتی دراصل سنہرے آندھراپردیش کی تشکیل میں اہم رول ادا کرے گی۔ وکست بھارت کے تحت آندھراپردیش ایک گروتھ انجن کی طرح کام کرے گا۔ چندرابابو نائیڈو کی ستائش کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں نائیڈو جیسے قائدین بہت کم ہیں۔ ٹیکنالوجی کی ترقی میں چندرابابو نائیڈو کا اہم رول ہے۔ نریندر مودی نے کہاکہ میں جس وقت گجرات کا چیف منسٹر تھا، مَیں نے حیدرآباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی کے بارے میں معلومات حاصل کی تھیں۔ حیدرآباد کو عہدیداروں کی ٹیم روانہ کرتے ہوئے آئی ٹی کی ترقی کا جائزہ لیا گیا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ آندھراپردیش میں ترقیاتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل چندرابابو نائیڈو سے ممکن ہے۔ وزیراعظم نے ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان کی ستائش کی اور کہاکہ آندھراپردیش کی ترقی کے لئے ہم تمام کو ملکر کام کرنا چاہئے۔ چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو، ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان اور وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نارا لوکیش نے بھی جلسہ عام سے خطاب کیا۔ چندرابابو نائیڈو نے امراوتی اور ریاست کی مجموعی ترقی میں مرکزی حکومت سے تعاون کا یقین ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کی آندھراپردیش کی ترقی میں دلچسپی کو سراہا۔1
کے سی آر دور میں وزراء کو اختیارات حاصل نہیں تھے‘ وزیر مال سرینواس ریڈی کا ریمارک
حیدرآباد 2 مئی (سیاست نیوز) وزیر مال سرینواس ریڈی نے الزام عائد کیاکہ بی آر ایس حکومت میں وزراء کو اختیارات حاصل نہیں تھے اور وہ آزادانہ محکمہ جاتی جائزہ اجلاس منعقد کرنے سے قاصر رہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہاکہ کے سی آر نے ریونیو کا قلمدان اپنے پاس رکھا اور من مانی فیصلے کرتے رہے۔ کے سی آر حکومت میں وزراء کو اختیارات نہیں تھے اور وہ اپنے طور پر محکمہ جاتی جائزہ اجلاس منعقد کرنے سے قاصر رہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 10 برسوں میں ایک بھی وزیر کو آزادانہ کام کی اجازت نہیں دی گئی۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ کے سی آر کی اِسی غلطی کے نتیجہ میں عوام کو نقصان ہوا۔1