حیدرآباد 28مئی(یواین آئی) ٹیٹ امتحان کو ملتوی کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے وزیر تعلیم سبیتااندراریڈی کے مکان کے سامنے کانگریس کی طلبا تنظیم این ایس یوآئی کی جانب سے دھرنادیاگیا۔این ایس یو آئی طلبا کی بڑی تعداد نے دھرنے میں حصہ لیا جنہوں نے مطالبہ کی حمایت اوروزیرتعلیم کے خلاف نعرے بازی کی۔ دھرنے کی وجہ سے کچھ دیرکیلئے کشیدگی پھیل گئی۔ان طلبہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ایک ہی دن ریلوے رکروٹمنٹ بورڈ امتحان اورٹیٹ امتحان ہونے والا ہے جس کے پیش نظر ٹیٹ امتحان کو ملتوی کیا جائے ۔اس احتجاج کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس وہاں پہنچ گئی جس نے ان احتجاجیوں کے جذبات کو سرد کرنے کی کوشش کی تاہم صورتحال کے کشیدہ ہونے پر احتجاجیوں بشمول این ایس یو آئی صدروینکٹ و دیگر کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔ ان طلبہ نے انصاف کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔