پشاور، یکم اگست (یو این آئی) شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 5 خوارج ہلاک ہوگئے ۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں آپریشن کیا اس دوران 5 خوارج ہلاک ہوگئے ۔ فوج کے ترجمان کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں میانوالی کے میجر حافظ احسان الٰہی ہلاک ہوگئے ۔آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے ۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک خوارج دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے ۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ خارجی کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے ۔