فرٹیلائزر فیکٹری کا افتتاح، چیف منسٹر کی موجودگی غیر یقینی
حیدرآباد۔/6 نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی 12 نومبر کو تلنگانہ کا دورہ کریں گے اور راما گنڈم میں فرٹیلائزرس اینڈ کیمیکلس لمیٹیڈ کا افتتاح انجام دینگے۔ توقع ہے کہ وزیر اعظم خصوصی طیارہ سے حیدرآباد پہنچیں گے اور ہیلی کاپٹر سے راما گنڈم روانہ ہونگے۔ افتتاحی تقریب کے بعد وہ جلسہ سے خطاب کرسکتے ہیں۔ بی جے پی نے وزیر اعظم کے جلسہ کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکز نے ریاستی حکومت کو وزیراعظم کے دورہ کی تفصیلات سے واقف نہیں کرایا ہے۔ ایسے میں وزیر اعظم کے استقبال کیلئے چیف منسٹر کی موجودگی اور افتتاحی پروگرام میں شرکت پر غیر یقینی صورتحال ہے۔ پروٹوکول کے مطابق چونکہ یہ سرکاری پروگرام ہے چیف منسٹر کو استقبال اور وداع کرنے ایر پورٹ پر رہنا ضروری ہے۔ فروری میں جب وزیر اعظم چناجیر سوامی آشرم کے افتتاح کیلئے پہنچے تھے اس وقت بھی چیف منسٹر نے ان کا استقبال نہیں کیا تھا۔ چیف منسٹر دفتر کے مطابق غیر سرکاری دورہ کیلئے چیف منسٹر کی موجودگی ضروری نہیں ہے۔ راما گنڈم فرٹیلائزر اینڈ کیمیکلس لمیٹیڈ کا افتتاح سرکاری ایونٹ ہے لہذا چیف منسٹر کی موجودگی پر متضاد خبریں ہیں۔ چیف منسٹر کو پروگرام میں مدعو کیا گیا یا نہیں اس پر چیف منسٹر کے دفتر سے وضاحت نہیں کی گئی۔ بتایا گیا کہ وزیر اعظم کے دفتر نے ریاست کو شیڈول نہیں بھیجا ۔