حیدرآباد۔/28 فروری، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی 4 اور 5 مارچ کو تلنگانہ کا دو روزہ دورہ کریں گے اور عادل آباد اور سنگاریڈی اضلاع میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح انجام دیں گے۔ وزیر اعظم کے دو روزہ دورہ کے شیڈول کے مطابق 4 مارچ کو نریندر مودی مہاراشٹرا کے ناندیڑ سے عادل آباد پہنچیں گے۔ عادل آباد میں بی جے پی کے جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور رات میں راج بھون حیدرآباد میں قیام کریں گے۔ وزیر اعظم 5 مارچ کو سنگاریڈی کا دورہ کریں گے اور وہاں مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیر اعظم کے دورہ کے پیش نظر مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا 4 مارچ کو دورہ تلنگانہ منسوخ کردیا گیا ہے۔ نریندر مودی کے تفصیلی شیڈول کے مطابق 4 مارچ کو صبح 9:20 بجے عادل آباد پہنچیں گے اور 12 بجے دن جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ عادل آباد میں مختلف ترقیاتی پراجکٹس کیلئے بھومی پوجا میں حصہ لیں گے۔ دوپہر ایک بجے عادل آباد سے ناندیڑ روانہ ہوں گے۔ رات میں راج بھون میں قیام کے بعد صبح سنگاریڈی بذریعہ ہیلی کاپٹر پرواز کریں گے اور دوپہر 12:15 بجے جلسہ عام سے خطاب کے بعد حیدرآباد واپس ہوں گے اور 2:40 بجے اڈیشہ کیلئے روانہ ہوجائیں گے۔1