ترکاری کے کچرے سے برقی اور بائیو فیول کی تیاری کا تذکرہ
حیدرآباد۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ماہانہ’من کی بات ‘ پروگرام میں حیدرآباد کی بوئن پلی سبزی مارکٹ کا بطور خاص ذکر کرتے ہوئے اسے موافق ماحولیاتی مارکٹ قرار دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بوئن پلی سبزی مارکٹ میں ناکارہ ترکاری کے ذریعہ برقی تیار کی جارہی ہے جو ایک مثالی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکاری کے کچرے کو دولت میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہریانہ کے پنچکولہ اور ارونا چل پردیش کے ٹاوان میں عوام کی جانب سے ماحولیات کے تحفظ کا حل تلاش کرنے کے اقدامات کا ذکر کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بوئن پلی سبزی مارکٹ کچرے کو دولت میں تبدیل کررہی ہے۔ ہم نے دیکھا ہے کہ سبزی مارکٹ میں عام طور پر کچرے سے غیر صحتمندانہ ماحول پیدا ہوتا ہے لیکن حیدرآباد میں بوئن پلی سبزی مارکٹ کے تاجرین نے ترکاری کے کچرے سے برقی پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ اختراع کی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوئن پلی سبزی مارکٹ میں کچرے سے برقی کی تیاری کچرے کو سونے میں تبدیل کرنے کی جانب ایک سفر ہے۔ روزانہ تقریباً 10 ٹن کچرا پلانٹ میں استعمال کیا جاتا ہے۔ 30 کیلو بائیو فیول کے ساتھ 500 یونٹ برقی تیار کی جارہی ہے۔ کچرے سے تیار کی جانے والی برقی کو منڈی میں روشنی کرنے جبکہ بائیو فیول کو منڈی کی کینٹین میں پکوان کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ وزیر اعظم نے ہریانہ کے پنچکولہ میں پنچایت کی جانب سے کی گئی نئی اختراع کا ذکر کرتے ہوئے ستائش کی ہے۔ وزیر اعظم نے73 ویں ’ من کی بات ‘ پروگرام سے خطاب کیا۔