وزیر اعظم نریندر مودی کا آج حلقہ لوک سبھا ملکاجگری میں روڈ شو

   

راج بھون میں شب بسری ، کل ناگرکرنول میں بی جے پی جلسہ عام سے خطاب کریں گے
حیدر آباد/14 مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم مودی 15 مارچ کو لوک سبھا حلقہ ملکاجگری میں روڈ میں حصہ لے کر بی جے پی کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ شام میں راج بھون میں شب بسری کریں گے اور 16 مارچ کو ناگرکرنول میں جلسہ سے خطاب کریں گے۔ بی جے پی قیادت تلنگانہ بالخصوص گریٹر حیدرآباد پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ دو دن قبل وزیر داخلہ امیت شاہ نے بی جے پی بوتھ لیڈرس سے خطاب کیا تھا۔ 10 دن میںوزیر اعظم مودی دوسری مرتبہ تلنگانہ دورے پر آرہے ہیں۔ بی جے پی نے تاحال 15 امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔ ذرائع کے بموجب بی جے پی زیادہ حلقہ لوک سبھا ملکاجگری پر توجہ دے رہی ہے جہاں سے سابق وزیر ایٹالہ راجندر امیدوار ہیں۔ بی جے پی نے سکندرآباد، ملکاجگری، چیوڑلہ، حیدرآباد لوک سبھا حلقوں کی مہم میں سینئر قائدین کی خدمات سے استفادہ کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی کے دورہ کا شیڈول جاری کردیا گیا ۔ وہ جمعہ کو شام 4:55 بجے بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچیں گے، شام 5:15 تا 6:15 بجے ملکاجگری میں روڈ شو کرینگے۔ شام 6:40 بجے راج بھون پہنچیں گے ۔ 16 مارچ کو وہ صبح 10:45 بجے راج بھون سے بیگم پیٹ ایرپورٹ روانہ ہوں گے۔ 11 بجے بیگم پیٹ سے ہیلی کاپٹر میں ناگرکرنول روانہ ہوں گے۔ 11:45 بجے تا 12:45 بجے بی جے پی جلسہ سے خطاب کریں گے۔ ایک بجے ناگرکرنول سے گلبرگہ روانہ ہوجائیں گے۔2