راہول گاندھی کی تقریر توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا الزام
حیدرآباد۔20 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر جی نرنجن نے وزیر اعظم نریندر مودی پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راہول گاندھی نے ممبئی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم ایک ’’ شکتی‘‘ سے مقابلہ کررہے ہیں اور راہول گاندھی کا مقصد کسی مذہبی مسئلہ سے جوڑنا نہیں تھی۔ شکتی کا مطلب صرف ایک طاقت کے معنوں میں رہا لیکن وزیر اعظم نریندر مودی نے جگتیال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی کے ریمارکس کو توڑ مروڑ کر پیش کیا اور رائے دہندوں کے مذہبی جذبات مشتعل کرنے کی کوشش کی۔ وزیر اعظم کا یہ اقدام انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے جان بوجھ کر راہول گاندھی کی تقریر کو غلط انداز میں پیش کرتے ہوئے ہندو مذہب کی توہین سے جوڑنے کی کوشش کی ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے سیاسی فائدہ کیلئے رائے دہندوں کو مذہبی بنیاد پر بھڑکایا ہے لہذا ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔1