وزیر بھدوریا نے ویڈیو پوسٹ کیا، ایک ہی شخص بار بار ووٹنگ کروا رہا ہے

   

بھوپال : مدھیہ پردیش کے کابینہ وزیر اروند سنگھ بھدوریا نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے ، جس میں ایک شخص ایک پولنگ بوتھ میں موجود بہت سے لوگوں کو ووٹ ڈالنے کے لیے لے جاتا ہوا اور ووٹنگ کے دوران بھی وہاں کھڑا نظر آرہا ہے ۔اس ویڈیو کو پوسٹ کرتے ہوئے مسٹر بھدوریا نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ نظر آنے والے بوتھ پر دوبارہ پولنگ کرائی جائے ۔یہ ویڈیو ضلع بھنڈ کے اٹیر اسمبلی حلقہ کے ایک پولنگ بوتھ کا بتایا جا رہا ہے ۔ بھدوریا اٹیر سے ہی الیکشن لڑ رہے ہیں۔ اس اسمبلی کے ایک اور پولنگ اسٹیشن پر اس سے قبل بے ضابطگیوں کی شکایت پر دوبارہ پولنگ کرائی جاچکی ہے ۔دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریاستی اکائی کے ایک وفد نے چہارشنبہ کو الیکشن کمیشن کو تحریری شکایت کی ہے اور اٹیر اسمبلی حلقہ کے اس پولنگ اسٹیشن نمبر 11 اور 12 میں پولنگ منسوخ کرنے اور دوبارہ پولنگ کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔