دیگر دو مطالبات پر بھی حکومت کا مثبت موقف ۔ سی جے پی ترجمان سورو داس اور آشوتوش کی مرکزی وزراء کے ساتھ پریس کانفرنس
نئی دہلی 25 جولائی ( ایجنسیز ) کاکروچ جنتا پارٹی نے آج مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان کے استعفی کے ساتھ ہی جنترمنتر پر اپنے دھرنے کو ختم کرنے کا اعلان کیا اور اپنے حامیوں سے کہا کہ وہ اپنے گھروں کو واپس لوٹ جائیں۔ یہ اعلان حکومت اور سی جے پی کی مشترکہ پریس کانفرنس میں آج شام کیا گیا جبکہ آج دن میں دھرمیندر پردھان نے وزیر تعلیم کی حیثیت سے استعفی پیش کردیا تھا ۔ سی جے پی نے نیٹ پیپر لیک مسئلہ پر دھرمیندر پردھان کے استعفی کا ہی مطالبہ کیا تھا ۔ سی جے پی کے ترجمان سورو داس اور آشوتوش رانکا نے مرکزی وزراء جے پی نڈا اور جتیندر سنگھ کی موجودگی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی جے پی نے حکومت کے ساتھ نیک نیتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے احتجاج کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور حکومت سی جے پی کے دوسرے مطالبات پر اپنے وعدے کی تکمیل کرے گی ۔ سی جے پی ترجمان نے کہا کہ مرکزی وزیر کے استعفے کے بعد حکومت نے تیقن دیا ہے کہ پولیس کی جانب سے طلباء کے خلاف جو مقدمات درج کئے گئے ہیں ان سے دستبرداری اختیار کی جائے گی مستقبل میں ان کے خلاف کوئی مقدمات درج نہیں کئے جائیں گے اور قوانین کے مطابق ان طلباء کے خاندانوں کو زیادہ سے زیادہ معاوضہ دیا جائے گا جنہوں نے پیپر لیک کی وجہ سے خود کشی کرلی تھی ۔ آشوتوش رانکا نے کہا کہ حکومت نے حکومت نے 36 دن کے احتجاج کے بعد ہمارے مطالبات تسلیم کئے ہیں۔ ہم ہرکسی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ احتجاج ختم کردیں اور گھروں کو واپس چلے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات کوئی انقلابی نہیں بلکہ بنیادی تھے اور حکومت نے انہیں تسلیم کرلیا ہے ۔ دہلی کے جنتر منتر میں بھی پولیس کی جانب سے لاؤڈ اسپیکروں کا استعمال کرتے ہوئے مظاہرین سے کہا گیا کہ ان کا مطالبہ تسلیم کرلیا گیا ہے اور احتجاجی اب اس جگہ کو خالی کردیں۔ سی جے پی نے کہا کہ انہوں نے خودکشی کرنے والے طلباء کے خاندانوں کو فی کس ایک کروڑ روپئے معاوضہ کا مطالبہ کیا تھا اور حکومت نے اس سے اتفاق کرلیا ہے اور کہا کہ قوانین کے مطابق جو کچھ بھی زیادہ سے زیادہ معاوضہ ہوگا وہ ادا کی جائے گا ۔