وزیر ریلویز اشونی ویشنو کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کا مکتوب

   

چیرلہ پلی ریلوے ٹرمنل کو پوٹی سری راملو سے موسوم کرنے کی تجویز
حیدرآباد 18 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیر ریلویز اشونی ویشنو کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے چیرلہ پلی ریلوے ٹرمنل کو مجاہد آزادی پوٹی سری راملو کے نام سے موسوم کرنے کی درخواست کی۔ تلگو یونیورسٹی کو پوٹی سری راملو کے بجائے ایس پرتاپ ریڈی کے نام سے موسوم کرنے سے متعلق قانون سازی کے بعد چیف منسٹر نے وزیر ریلویز کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے چیرلہ پلی ریلوے ٹرمنل کو پوٹی سری راملو سے موسوم کرنے کی تجویز پیش کی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ چیرلہ پلی ریلوے ٹرمنل اسٹیشن کے افتتاح پر میں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ نئے ٹرمنل کے قیام سے تلنگانہ کے مختلف علاقوں کو ٹرین سے مربوط کرنے میں مدد ملے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ رائزنگ تلنگانہ کے نظریہ کی تکمیل اور ایک ٹریلین ڈالر معیشت کے قیام کی مساعی بھی کامیاب ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ پوٹی سری راملو نے جدوجہد آزادی میں اہم رول ادا کیا اور علیحدہ آندھراپردیش کے قیام میں اُن کا اہم رول ہے۔ تلنگانہ عوام کی جانب سے میں درخواست کرتا ہوں کہ چیرلہ پلی ریلوے ٹرمنل کو پوٹی سری راملو کے نام سے موسوم کیا جائے۔ یہ تلگو عوام کے حق میں ایک اعزاز ثابت ہوگا۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ وزیر ریلویز اُن کی تجویز کو قبول کرتے ہوئے ضروری فیصلہ کریں گے۔ 1