وزیر فینانس ہریش راؤ سے امتیاز اسحاق کی ملاقات

   

اقلیتی قرض کے لیے کارپوریشن کو 270 کروڑ روپئے مختص کرنے پر اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 7 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : صدر نشین ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق نے آج ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ سے ملاقات کی ۔ بجٹ میں اقلیتی کارپوریشن کو قرض کے لیے 270 کروڑ روپئے اور 20 ہزار سلوائی مشین منظور کرنے کے علاوہ دیگر امور کے لیے رقمی منظوریاں دینے پر اظہار تشکر کیا ۔ ہریش راؤ نے اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کو فعال ادارے میں تبدیل کرنے کے ساتھ بیروزگار اقلیتی نوجوانوں کو خود روزگار فراہم کرنے اور تکنیکی تعلیم و تربیت پر بھی خصوصی توجہ دینے کا مشورہ دیا ۔ کارکردگی کی بنیاد پر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی مستقبل میں مزید مدد و تعاون کرنے کا تیقن دیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق نے کہا کہ کارپوریشن کو ایک بڑی رقم منظور ہوئی ہے ۔ کارپوریشن کو پہلے 120 کروڑ روپئے منظور ہوئے تھے ۔ ایک اور دو لاکھ روپئے قرض کی اجرائی کے لیے درخواستیں وصول کرنے کا عمل مکمل ہوگیا ہے ۔ ریاست کے تمام 33 اضلاع سے جملہ 2,16,693 درخواستیں وصول ہوئی ہیں ۔ سب سے زیادہ ضلع حیدرآباد سے 61,259 درخواستیں وصول ہوئی ہیں اور سب سے کم ضلع جئے شنکر بھوپال پلی سے 859 درخواستیں وصول ہوئی ہیں ۔ سال 2011 کی مردم شماری کے لحاظ سے آبادی کے تناسب سے اضلاع میں قرض تقسیم کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ امتیاز اسحاق نے کہا کہ نئے بجٹ میں اقلیتی قرض کے لیے 270 کروڑ روپئے جو مختص کئے گئے ہیں ۔ اس کے لیے دوبارہ درخواستیں طلب کرنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ہے ۔ کارپوریشن کو جو درخواستیں وصول ہوئی ہیں انہیں قرض جاری کرنے کی منصوبہ بندی تیار کی جارہی ہے ۔ پہلے اور دوسرے مرحلے میں قرض کی عدم اجرائی پر مسلمانوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ تمام اہل اور مستحق افراد سے انصاف کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔۔ ن