چیف منسٹر ریونت ریڈی بہت جلد مزید 1000 الکٹرک بسوں کا افتتاح کریں گے
حیدرآباد ۔ 30 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے آج 80 نئے آر ٹی سی بسوں کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی بہت جلد مزید 1000 الکٹرک بسوں کا افتتاح کریں گے۔ کانگریس حکومت آر ٹی سی ملازمین کے مفادات کا مکمل تحفظ کرے گی۔ آر ٹی سی ایمپلائز کا پی آر سی دیگر بقایاجات بھی اقساط کی اساس پر جاری کیا جائے گا۔ این ٹی آر مارگ مجسمہ امبیڈکر کے پاس جھنڈی لہراتے ہوئے پونم پربھاکر نے نئی بسوں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے پیش نظر نئی بسوں کو عوام کیلئے دستیاب رکھا جارہا ہے۔ ان 80 بسوں میں 30 ایکسپریس، 30 راجدھانی اے سی اور 20 لہری سلپر کم سیٹر (نان اے سی) بسیں شامل ہیں۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹ سکریٹری سرینواس راجو، کمشنر محکمہ ٹرانسپورٹ جے بدھا پرکاش کے علاوہ آر ٹی سی کے ایم ڈی سجنار بھی موجود تھے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ مہالکشمی اسکیم پر عمل آوری کے بعد آر ٹی سی بسوں میں خواتین کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ بسوں میں اوور لوڈ ہونے کی اطلاعات وصول ہورہی ہیں، جس کے پیش نظر آج سے 80 نئی بسوں کو متعارف کرایا جارہا ہے۔ آر ٹی سی عملہ پر حملے کی شکایت وصول ہورہی ہیں جس کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بسوں میں مرد مسافرین کیلئے نشستیں مختص کی جارہی ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ 400 کروڑ روپئے کے مصارف سے عصری تقاضوں سے لیس 1050 نئے ڈیزل بسیں خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں 400 ایکسپریس، 512 پلے ویلگو، 92 لہری سلیپر کم سیٹر، 56 اے سی راجدھانی بسیں شامل رہیں گی۔ اس کے علاوہ ماحول دوست 1000 الکٹرک بسیں بھی عوام کو پیش کی جائیں گی۔ حیدرآباد سٹی میں 540 اور اضلاع میں 500 بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔2