وسیم جعفر کی نیشنل سلیکٹر کے عہدہ کیلئے درخواست

   

ممبئی، 17اکتوبر (یو این آئی) ہندوستان کے سابق اوپنر وسیم جعفر مینس سلیکشن کمیٹی کے عہدہ کی دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں۔ اجیت اگرکر کی مدت کار میں توسیع نہ کرنے کے بی سی سی آئی کے فیصلے کے بعد خالی ہونے والے نیشنل سلیکٹر کے عہدہ کیلئے انہوں نے درخواست دی ہے ۔ جعفر نے کہا، ’’ہاں، میں نے اس عہدہ کیلئے درخواست دی ہے ۔‘‘ 48 سالہ جعفر نے ہندوستان کیلئے 31 ٹسٹ میچ کھیلے اور 5سنچریاں بنائیں۔ ان میں ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے خلاف ڈبل سنچریاں شامل ہیں۔ ان کا ٹسٹ کریئر 2000 سے 2008 تک رہا۔ انہوں نے 34.10 کی اوسط سے 1944 رن بنائے۔ ون ڈے میں جعفر نے 2006 میں صرف 2 میچ کھیلے ۔ تاہم، ڈومیسٹک کرکٹ میں جعفر کا ریکارڈ شاندار رہا ہے ۔ وہ رنجی ٹرافی کی تاریخ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بیاٹر ہیں اور ان مقابلوں میں سب سے زیادہ سنچریاں بھی ان کے نام ہیں۔ انہوں نے 260 فرسٹ کلاس میچوں میں 50سے زیادہ کی اوسط سے 19410 رن بنائے اور 57 سنچریاں اسکور کیں۔ جعفر نے 1996-97 کے سیزن میں ممبئی کی جانب سے اپنے سینئر کرکٹ کریئر کا آغاز کیا تھا ۔