وسیم کی بہتر پذیرائی نہ ہونے پر اکرم سخت ناراض

   

لاہور۔16ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے لیے متعدد کارنامہ سرانجام دینے والے پاکسر محمد وسیم کی شایان شان پذیرائی نہ ہونے پر کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم خاصے دلبرداشتہ ہیں۔محمد وسیم نے فلپائنی حریف کو پہلے ہی رائونڈ میں ناک آوٹ کر تے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی اس حوالے سے چند حکومتی ارباب اختیار کے سوشل میڈیا پر پیغامات تو آئے لیکن ایرپورٹ پر استقبال کے لیے کوئی نہیں آیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ کا سہارا لیتے ہوئے محمد وسیم نے کہا کہ ایرپورٹ پر استقبال کے لیے مقابلوں میں شریک نہیں ہوتا،میرا مقصد یہ ہوتا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کا استقبال ہو، ہر تربیتی کیمپ، مقابلہ اور ٹور میرے لیے یہ ثابت کرنے کا موقع ہوتا ہے کہ پاکستان میں باکسنگ کا کتنی صلاحیت موجود ہے۔اس معاملے پر اپنے ردعمل میں وسیم اکرم نے کہا کہ پورے پاکستان کی طرف سے معذرت کرتا ہوں، کبھی کبھار ہیروز کی قدر نہ کرنے پر ہمیں تھپڑ مارکر جگانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ محمد وسیم آئندہ کامیابی کا جھنڈا گاڑکر واپس آئے تو خود ان کو لینے ایرپورٹ جاؤں گا، شاندار کامیابی پر ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔یادرہے کہ پاکستانی باکسر محمد وسیم نے فلپائن کے باکسر کے ساتھ جس مقابلے کا انتظارہورہا تھا اس میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کا ناک آوٹ کیا۔