وشاکھاپٹنم میں کہر کی گھنی چادرسردی کی شدت برقرار

   

حیدرآباد14جنوری(یواین آئی) آندھراپردیش کے وشاکھاپٹنم میں کہر کی گھنی چادردیکھی گئی۔ایرپورٹ کے قریب تو صورتحال مزید بدتر ہے ۔کئی مقامات پر گاڑیوں کو ہیڈلائٹس کھولتے ہوئے چلانے پر لوگ مجبور ہیں۔کہر کے سبب سامنے کا شخص اور گاڑیاں بھی نظرنہیں آرہی ہیں۔دوسری طرف دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی میں سردی کی شدت برقرار ہے ۔اے پی کے وشاکھاپٹنم کے لمباسنگی میں اقل ترین درجہ حرارت دس ڈگری درج کیاگیا۔لمباسنگی میں حالیہ دنوں اقل ترین درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے ، حالانکہ چند دن پہلے لمباسنگی میں درجہ حرارت میں کافی گراوٹ ہوگئی تھی۔ وشاکھاپٹنم ایجنسی علاقوں میں درجہ حرارت میں گراوٹ کے نتیجہ میں قبائلیوں کو بھی مشکل صورتحال کاسامنا کرناپڑرہا ہے ۔دوسری طرف ساحلی آندھراپردیش اور رائل سیما میں بھی اسی طرح کی صورتحال ہے ۔