وقارآباد اسمبلی حلقہ کا دوبارہ الیکشن کرانے کانگریس کا مطالبہ

   

کلکٹر وقارآباد کے خلاف کارروائی کیلئے الیکشن کمیشن کی ہدایت، جی نرنجن کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔/9 فروری، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان جی نرنجن نے انکشاف کیا کہ مرکزی الیکشن کمیشن نے ریاستی حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے وقارآباد اسمبلی حلقہ میں ای وی ایم مشینوں کے سیل کھولنے کے مسئلہ پر ضلع کلکٹر عمر جلیل کو معطل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نرنجن نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ای وی ایم مشینوں کے سیل کھول دیئے جانے کے سلسلہ میں چیف الیکٹورل آفیسر اور الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی تھی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ای وی ایم مشینوں میں کئی بے قاعدگیاں ہوئی ہیں۔ وقارآباد اسمبلی حلقہ کے کانگریسی امیدوار نے بے قاعدگیوں کے خلاف ہائی کورٹ میں انتخابی عذر داری دائر کی اور مقدمہ کی سماعت کے دوران ہی کلکٹر نے نامعلوم وجوہات کے تحت ای وی ایم مشینوں کے سیل کھول دیئے۔ انہوں نے کہا کہ کلکٹر کا یہ اقدام عدالتی احکامات کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب معاملہ عدالت میں زیر دوران ہو تو عہدیداروں کو چاہیئے کہ وہ مشینوں کا تحفظ کریں۔ انہوں نے وقارآباد اسمبلی حلقہ میں دوبارہ انتخابات منعقد کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس حلقہ سے کانگریس کے سابق وزیر پرساد کمار نے مقابلہ کیا تھا اور انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں بھی وی وی پیاٹ کی سلپس کو غائب کردیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں بھی الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی گئی کہ وہاں بھی دوبارہ انتخابات منعقد کئے جائیں۔ نرنجن نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس نے بے قاعدگیوں کے ذریعہ کامیابی حاصل کی ہے اور الیکشن کمیشن کو کانگریس پارٹی نے ثبوت کے ساتھ نمائندگی کی۔ فہرست رائے دہندگان میں دھاندلیوں کے علاوہ ای وی ایم مشینوں اور وی وی پیاٹ کے ووٹوں میں واضح فرق دیکھا گیا ہے۔