12 ماہ میں کانگریس کی حکومت ہوگی، 2 لاکھ روپئے تک قرض کی معافی کا وعدہ
حیدرآباد۔/22 مئی، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے آج کوڑنگل اسمبلی حلقہ ضلع وقارآباد میں کسانوں کے رچہ بنڈہ پروگرام میں حصہ لیا۔ کانگریس کی جانب سے ورنگل میں جاری کردہ ڈیکلریشن کو کسانوں تک پہنچانے کیلئے ریاستی سطح پر رچہ بنڈہ پروگرام شروع کیا گیا ہے جس میں گاؤں گاؤں پہنچ کر کسانوں سے ملاقات کی جارہی ہے۔ اپنے سابقہ اسمبلی حلقہ کوڑنگل میں ریونت ریڈی نے دورہ کیا اور کسانوں کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ریونت ریڈی نے بیل بنڈی چلاتے ہوئے گاؤں پہنچ کر کسانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس برسراقتدار آتے ہی 2 لاکھ روپئے تک کا قرض معاف کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوڑنگل میں لفٹ اریگیشن اسکیم پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت نے کوڑنگل اسمبلی حلقہ کو نظر انداز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور کے ٹی آر کو تلنگانہ سے بیدخل کرنے کیلئے کسانوں کو تیار ہوجانا چاہیئے۔ آئندہ 12 ماہ بعد تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت ہوگی اور کسانوں کی بھلائی اور خوشحالی کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے کسانوں اور زرعی مزدوروں کیلئے جو ڈیکلریشن جاری کیا ہے اس پر عمل آوری کانگریس پارٹی کی ذمہ داری ہے۔ ریونت ریڈی نے کوڑنگل کے کئی دیہاتوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے کوڑنگل میں ریڈی طبقہ سے تعلق رکھنے والی تنظیم کے پروگرام میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے کوڑنگل کیلئے ریلوے لائن کے کاموں کی منظوری کا وعدہ کیا۔ انہوں نے خودکشی کرنے والے کسانوں کے خاندانوں کیلئے 3 لاکھ روپئے کی امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر گزشتہ دو دن سے دہلی میں قیام کئے ہوئے ہیں اور انہیں تلنگانہ کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ قومی سیاست میں حصہ لینے کیلئے کے سی آر کی سرگرمیاں تلنگانہ عوام کیلئے نقصاندہ ہیں۔ر