وقار آباد میں بحریہ کے راڈار کی تنصیب کیلئے اراضی حوالے

   

وزیر ماحولیات و جنگلات کونڈا سریکھا کی پریس کانفرنس ‘ سابق حکومت پر تنقید
حیدرآباد۔30جنوری(سیاست نیوز) حکومت نے ملک کی سلامتی کے پیش نظر جی او 44 جاری کرکے ضلع وقار آباد میں بحریہ کے راڈر کی تنصیب کیلئے اراضی حوالے کردی ہے ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر ماحولیات و جنگلات مسز کونڈا سریکھا نے بتایا کہ پیشرو حکومت نے اس مسئلہ زیر التواء رکھا جبکہ بی آر ایس حکومت میں ہی اس اراضی کی حوالگی کے اقدامات کئے جاچکے تھے ۔ سابقہ حکومت نے پریڈ گراؤنڈ کی اراضی کیلئے محکمہ دفاع کو وقار آباد میں یہ اراضی حوالہ کرنے میں تعطل پیدا کیا لیکن موجودہ حکومت نے کسی ذاتی یا شخصی مفاد کے بغیر ملکی مفاد اور دفاعی نظام کو مستحکم بنانے اس اراضی کو حوالہ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ محترمہ کونڈا سریکھا نے کہا کہ سال 2010 میں اس پراجکٹ کیلئے مذاکرات کا آغاز ہوچکا تھا اور 2017 میں اس کیلئے اراضیات کی حوالگی کے مکتوب روانہ کئے جاچکے تھے ۔ انہو ںنے اس پراجکٹ پر اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کو اس بات پر فخر کرنا چاہئے کہ ملک کی سلامتی میں ریاست کا بھی حصہ ہے اور تلنگانہ میں بحریہ کا مرکز قائم کیا جا رہاہے ۔ انہوںنے بتایا کہ سابقہ حکومت سے مرکز کے ساتھ معاہدہ کیا جاچکا تھا لیکن سیاسی مفادات کیلئے سابق چیف منسٹر نے اراضی کو حوالہ کرنے کے عمل کو زیر التواء رکھا اور اس کے عوض نئے سیکریٹریٹ کی تعمیر کیلئے پریڈ گراؤنڈ حاصل کرنے کی کوشش کی ۔ کونڈا سریکھا نے بتایا کہ حکومت سے مسئلہ کی یکسوئی سے قبل سابق کی تمام رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد اراضی کی حوالگی کے احکام کی اجرائی عمل میں لائی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ بحریہ کے VLF راڈر کی تنصیب سے ماحولیات کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا اور نہ ہی جانوروںکو اس سے کوئی نقصان ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ بی آر ایس قائدین عوام میں بدگمانی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اس سے نکلنے والی شعاعوں سے انسانوں میں کینسر کے اثرات پیداہوں گے جبکہ اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے اور اسی طرح کا راڈر طویل عرصہ سے ٹاملناڈومیں کارکرد ہے۔3