مسلم پرسنل لا بورڈ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نظام آباد کے وفد کی پولیس کمشنر سے ملاقات، تعاون کی خواہش
نظام آباد17مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مسلم پرسنل لاء بورڈ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نظام آباد کے ایک نمائندہ وفد نے جو سید نجیب علی ایڈوکیٹ ، مولاناکریم الدین کمال ، محمد عبدالقدوس کارپوریٹر ، سمیر احمد زونل صدر قومی تنظیم پر مشتمل تھا ۔ کمشنر پولیس نظام آباد سائی چیتنیا سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے وقف ایکٹ کے خلاف مجوزہ احتجاجی لائحہ عمل اور تفصیلی پروگرام سے واقف کروایا اور بتایا کہ 5 مرحلوں میں مختلف طریقہ پر احتجاجی لائحہ عمل کو قطعیت دی گئی ہے جس میں ’’ بتی گل ‘‘ پروگرام پر عمل آوری کی جاچکی ہے جبکہ 19؍ مئی کو رائونڈ ٹیبل کانفرنس کا انعقاد عمل میںلایا جارہا ہے جس میں غیر مسلم دانشوروں ، ڈاکٹرس ، وکلاء اور مختلف طبقات کی اہم شخصیات کو مدعو کیا جارہا ہے جس کو راگھو ائو ریڈی سابق صدر بار اسوسی ایشن مخاطب کریں گے ۔ یہ پروگرام شام 7 بجے تا 9 بجے لہری انٹر نیشنل ہوٹل میں منعقد ہوگا۔ جبکہ 25؍ مئی کو 11 بجے تا 12 بجے دن ہیومین چین پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا جائیگا۔ شہر میں ارسہ پلی ، بودھن روڈ ، قلعہ روڈ ، احمد ی بازار تا نہروپارک سڑک کے دونوں جانب ہیومین چین بنائی جائیگی ۔ 28؍ مئی کو خواتین کیلئے جلسہ عام کا فروٹ مارکٹ احاطہ نعیم گرائونڈ پر انعقاد عمل میں لایا جائیگااور 30؍ مئی کو عیدگاہ جدید میں ایک زبردست عوامی جلسہ عام کا انعقاد عمل میں آئیگا۔ جس میں توقع ہے کہ 50 ہزار سے زائد افراد ضلع بھر سے شریک ہونگے وفد نے ان تمام پروگرامس کی اجازت کے ساتھ ساتھ ان پروگرامس کے موثر انعقاد کیلئے پولیس کے وسیع تر تعاون فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ کمشنر پولیس نے تیقن دیا کہ ان تمام پروگرامس کے سلسلہ میں پولیس کی جانب سے ممکنہ اقدامات روبہ عمل لائے جائیں گے وفد نے بتایا کہ 30؍ مئی کے بعد بورڈ کی جانب سے دھرنوں کو منظم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور تواریخ و مقام کا بھی جلد اعلان کیا جائیگا۔ اس موقع پر وفد نے نظام آباد میں لاء اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے ان کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے رات میں موجود ہ وقت میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ وفد نے عیدالاضحی کے پیش نظر ضلع بھر میں چوکسی اختیار کرنے اور تمام تر احتیاطی اقدامات روبہ عمل لانے اور شرپسند عناصر کی جانب سے پرُ امن فضاء کو مکدربنانے کی ہر کوشش کو سختی سے نوٹ لینے اور خصوصی اجلاس منعقد کرتے ہوئے تمام تر احتیاطی اقدامات روبہ عمل لانے کی خواہش کی جس پر انہوں نے بتایا کہ کل ضلع کلکٹر کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوگا اور اس مسئلہ پر رہنمایانہ ہدایات جاری کی جائیں گی ۔ وفد نے جانوروں کی منتقلی کی جانچ کے سلسلہ میں قائم کی جانے والی چوکیوں پر متعین عملہ کو بھی موثر ہدایات جاری کرنے کی خواہش کی ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ وہ جمعیۃ القریش اور دائیں بازو کی ہندو تنظیموں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے اس حساس مسئلہ پر گفتگو کریں گے اور ضلع بھر میں کسی بھی ناگہانی واقعہ کو روکنے سخت اقدامات کریں گے ۔