وقف بورڈ سے فائیلوں کی لاء آفیسر کے گھر منتقلی

   

شعبہ قانون دفتر حج ہاؤز سے کام کرنے کے بجائے ٹولی چوکی سے کام کررہا ہے

حیدرآباد۔14جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے دفتر کا شعبہ قانون حج ہاؤز سے ٹولی چوکی منتقل کردیا گیا ہے! محکمہ اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیدار اس بات سے واقف ہیں کہ مذکورہ شعبہ کے نگران عہدیدار حج ہاؤز میں موجود اپنے دفتر کے بجائے اپنے مکان واقع ٹولی چوکی سے خدمات انجام دے رہے ہیں اور انہیں اعلیٰ عہدیدارو ںکی جانب سے یہ کھلی چھوٹ دی گئی ہے لیکن لاء آفیسر کے گھر سے کام کرنے کی وجہ سے جو صورتحال شعبہ قانون کی بنی ہوئی ہے اس کا اندازہ لگانا دشوار نہیں ہے کیونکہ بیشتر مقدمات میں عدالت میں جواب داخل کرنے کے بجائے بورڈ کو موصول ہونے والی نوٹس کے جواب ارسال کرنے یا فوری طور پر کسی بھی جائیداد یا مقدمہ کے سلسلہ میں بورڈ کے ذمہ داروں کو رائے طلب کرنی ہوتو ایسی صورت میں وقف بورڈ میں لاء آفیسر موجود نہیں ہیں بلکہ وہ اپنے گھر سے خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان کے شعبہ میں خدمات انجام دینے والوں کے علاوہ دیگر متعلقہ شعبہ کے اٹنڈرس اور عملہ کو کسی بھی معاملہ میں قانونی رائے حاصل کرنے کے لئے ان کے مکان واقع ٹولی چوکی جانا پڑتا ہے اور وقف بورڈ کو موصول ہونے والی نوٹس اور مقدمات کی فائیلس بھی قانونی رائے کے حصول کے لئے موصوف کے گھر روانہ کی جار ہی ہیں جو کہ غیر قانونی ہے۔ وقف بورڈ کی جانب سے سابق تحصیلدار وزیر احمد کو وقف بورڈ میں لاء آفیسر اور اکزیکیٹیو آفیسر کی حیثیت سے مامور کیا گیا ہے لیکن انہیں اعلیٰ عہدیداروں نے گھر سے کام کرنے کی اجازت دے رکھی ہے جس کی بناء پر وہ دفتر کے بجائے گھر سے کام انجام دے رہے ہیں۔ عہدیداروں کی جانب سے دیئے گئے اس اختیار کے سبب نہ صرف بورڈ کے شعبہ قانون میں خدمات انجام دینے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بلکہ بورڈ کی فائیلس دفتر سے لاء آفیسر کے گھر تک جا رہی ہیں اور مقدمات سے متعلق فائیلس کو اس طرح دفتر سے لیجانا شکوک و شبہات کا سبب ہوتا ہے کیونکہ وقف بورڈ کے شعبہ قانون میں جو مقدمات پر رائے دینی ہوتی ہے یا قانونی کاروائی زیر التواء ہوتی ہے اسے صیغہ راز میں رکھا جانا لازمی ہوتا ہے کیونکہ وقف بورڈ کی کروڑہا روپئے کی ملکیت کے متعلق مقدمات کے دستاویزات اگر اس طرح لیجائے جانے لگیں تو ان کی حفاظت کی کوئی ضمانت نہیں دی جاسکتی ۔ سرکاری ملازمین بالخصوص لاء آفیسر اور قانونی رائے فراہم کرنے والے عہدیداروں کی گھر سے خدمات کی انجام دہی کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود وقف بورڈ کا شعبہ قانون اپنے نگران کے گھر سے کام کر رہا ہے جو کہ باعث حیرت ہے۔م