وقف بورڈ کے سی ای او پر اختیارات سے تجاوز کا الزام

   

ارکان کی سی ای او اور دیگر عہدیداروں کی کارکردگی پر شدید ناراضگی
حیدرآباد۔5جولائی (سیاست نیوز) چیف ایکزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ اپنے اختیارات سے تجاوز کررہے ہیںاور اس طرح کی کارکردگی کو نومنتخبہ وقف بورڈ کی جانب سے برداشت نہیں کیا جائے گا۔وقف بورڈ کے اجلاس کے التواء کے اعلان سے قبل ارکان وقف بورڈ نے سی ای او اور عہدیداروں کی کارکردگی پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عہدیداروں کے حکم نامہ کے مطابق خدمات انجام نہیں دیں گے بلکہ وہ وقف ایکٹ کے تحت کارکردگی کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ درگاہ حضرات یوسفین ؒ کی عرس تقاریب کے سلسلہ میں سی ای اوکی جانب سے بغیر صدرنشین کو مطلع کئے عرس کمیٹی کی تشکیل پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا گیا ۔علاوہ ازیں تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے امور میں بورڈ سے تجاوز نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے سی ای او کو ہدایت دی گئی کہ بغیر بورڈ کی منظوری کے کوئی ایسا کام نہ کیا جائے جو ان کے دائرہ اختیار میں نہ ہو۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان کی صدارت میں منعقد ہونے والے وقف بورڈ کے آغاز کے ساتھ ہی ایجنڈہ کی فراہمی میں تاخیر کی بنیاد پر اجلاس کو 14جولائی تک کے لئے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین ‘ مولانا سید ابوالفتح بندگی پاشاہ ‘ جناب محمد فاروق حسین رکن قانون ساز کونسل‘ ملک معتصم خان‘ مولانا سید نثار حسین حیدرآقا‘ جناب کوثر محی الدین رکن اسمبلی ‘ محترمہ شیخ یاسمین باشاہ ضلع کلکٹر ونپرتی ‘ مسٹر زیڈ ایچ جاوید کے علاوہ دیگر ارکان موجود تھے ۔ ارکان وقف بورڈ نے ایجنڈہ تاخیر سے جاری کئے جانے پر شدید اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ارکان وقف بورڈ سی ای او کا حکم نامہ قبول کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت کرنے والے نہیں ہیں اور نہ ہی عہدیدار بورڈ پر حکم چلاسکتے ہیں۔ ارکان وقف بورڈ و صدرنشین نے چیف ایکزیکیٹیو آفیسر جناب شاہنواز قاسم کو ہدایت دی کہ وہ ریاستی حکومت کے محکمہ جی اے ڈی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ڈپٹی سیکریٹری کے عہدہ پر موجود تفصیلات طلب کریں تاکہ آئندہ اجلاس کے دوران ان عہدیداروں میں سے بورڈ مستقل سی ای او کے نام کی تجاویز روانہ کی جاسکیں۔ چیف ایکزیکیٹیو آفیسر نے حج ہاؤز سے متصل عمارت کو ورکنگ خواتین کے ہاسٹل کے طور پر ترقی دینے کی بات کہی جس پر اراکین نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ورکنگ ویمنس اورگرلز ہاسٹل کی ضرورت محسوس ہورہی ہے تو شاداں کالج کے روبرو موجود حکیم بشیر الدین وقف کے تحت موجود موقوفہ اراضی پر 4منزلہ عمارت تعمیر کی جاسکتی ہے لیکن حج ہاؤز سے متصل عمارت کو تجارتی مقاصد کے تحت ہی استعمال کیا جانا چاہئے ۔ ارکان وقف بورڈ نے چیف ایکزیکیٹیو آفیسر کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ اجلاس میں بورڈ کے معاشی موقف‘ زیر التواء فائیلس ‘ زیر دوراں مقدمات کی تفصیلات ‘ وقف بورڈ میں موجود اسٹینڈنگ کونسل وکلاء کی کارکردگی کے متعلق رپورٹ اور گذشتہ ایک سال کے دوران وکلاء کی جانب جن مقدمات میں پیروی کی گئی ان مقدمات کے موقف اور نتائج کو بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے۔ صدر نشین و ارکان وقف بورڈ نے سی ای او وقف بورڈ پر واضح کردیا کہ وہ وقف بورڈ کے احکام کے مطابق قانون کے دائرہ میں کام کریں اور اپنے اختیارات سے تجاوز نہ کریں۔ مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین نے وقف ایکٹ کے تحت سی ای او کے اختیارات کے متعلق تفصیلات بھی ارکان کو واقف کروایا ۔تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ میں مستقل چیف ایکزیکیٹیو آفیسر کی عدم موجودگی کے سبب روزمرہ کے امور متاثر ہونے کے سبب پیش آنے والی مشکلات کو فوری طور پر دور کرنے کی ضرورت پر تمام ارکان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت سے مستقل سی ای او کے تقرر کے لئے نمائندگی کی جائے گی۔م